اسلام آباد : اسلامی یونیورسٹی کی طالبہ کی درخت سے لٹکی ہوئی لاش برآمد
بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد کی ایک طالبہ کی تھانہ رمنا کی حدود میں واقع ایک درخت سے لٹکی ہوئی لاش ملی ہے۔
اطلاعات کے مطابق طالبہ کی لاش اتوار بازار کے قریب ٹریفک پولیس کی پرانی چوکی کے ساتھ واقع گرین بیلٹ میں واقع ایک درخت سے لٹکی ہوئی ملی۔ اطلاع ملنے پر پولیس پہنچی اور لاش کو اسپتال منتقل کیا جہاں اس کی شناخت کی گئی۔
طالبہ اسلام آباد G-10 مرکز کے گلستان پلازہ، فلیٹ نمبر 8 کی رہائشی تھی جس کی شناخت لائبہ اعجاز دختر محمد اعجاز کے نام سے ہوئی، مقتولہ کی عمر 22 سال ہے اور غیر شادی شدہ تھی جو کہ بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کی طالبہ تھی۔
پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر معاملہ خودکشی کا لگتا ہے تاہم مزید تفتیش جاری ہیں۔۔