ملیر بکرا پیڑی میں یوسی دفتر کی دیوار گرنے سے دو کمرعمر بھائی اور نوجوان جاں بحق

دو سگے بھائیوں کی شناخت 12 سالہ ابراج اور 6 سالہ ابیان، نوجوان کی شناخت 25 سالہ فائز عباس کے نام سے ہوئی

ملیر بکرا پیڑی داؤد غازی گوٹھ یونین کمیٹی نمبر 2 آفس کی دیوار گرنے کے بعد لوگ جائے وقوع پر موجود ہیں جب کہ دیوار کا ملبہ سڑک پر بکھرا ہوا دکھائی دے رہا ہے (فوٹو : ایکسپریس)

کراچی:

ملیر بکرا پیڑی داؤد غازی گوٹھ میں یونین کمیٹی کے دفتر کی دیوار گرنے کے افسوس ناک واقعے میں دو کم عمر بھائیوں سمیت 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ملیر سٹی کے علاقے بکرا پیڑی داؤد غازی گوٹھ یونین کمیٹی نمبر 2 کے دفتر کی دیوار اچانک زمین بوس ہوگئی جس کے نتیجے میں نوعمر لڑکے سمیت 2 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ متوفی لڑکے کا چھوٹا بھائی شدید زخمی ہوگیام واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کا عملہ موقع پر پہنچ گیا اور علاقہ مکینوں کی مدد سے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہونے والے نوعمر لڑکے سمیت 2 افراد کی لاشوں کو ضابطے کی کارروائی کے لیے جناح اسپتال پہنچایا جبکہ دیوار گرنے کے واقعے میں کمسن لڑکا بھی شدید زخمی ہوگیا جو چند گھٹنے تک زندگی اور موت کی کشمکش میں رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گیا۔

حادثے میں جاں بحق دو سگے بھائیوں کی شناخت 12 سالہ ابراج اور 6 سالہ ابیان ولد عمران کے نام سے کی گئی جبکہ تیسرے متوفی کو 25 سالہ فائز عباس ولد محمد علی کے نام سے شناخت کیا گیا۔

 

جاں بحق فائز عباس کے دوست نے بتایا کہ حادثے سے قبل فائز عباس مجھ سے موبائل فون پر بات کر رہا تھا کہ اچانک اس کا فون بند ہوا اور کچھ دیر کے بعد مجھے کسی نے اسی نمبر سے کال کر کے بتایا کہ حادثہ ہوا ہے اور فائز کا انتقال ہوگیا ہے، دوست نے بتایا کہ متوفی کی کچھ عرصے بعد شادی ہونی تھی جبکہ وہ  ملیر بکرا پیڑی کا ہی رہائشی اور ڈیکوریشن کی دکان پر کام کرتا تھا۔

دیوار گرنے سے جاں بحق سگے بھائیوں کے چچا نے جناح اسپتال میں بتایا کہ بچے نانی کے گھر جانے کے لیے نکلے تھے اور دیوار کے قریب سے گزر رہے تھے کہ اچانک دیوار گرنے سے یہ حادثہ پیش آیا، چھوٹے بچے نے گھر آکر بتایا کہ دیوار گر گئی ہے جس میں 12 سالہ ابراج موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا جبکہ چھوٹا بھائی شدید زخمی ہوگیا جو بعدازاں دوران علاج دم توڑ گیا۔

علاقے سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق یونین کیمٹی کے دفتر کی دیوار کے ملحقہ پودوں کی کیاری بنی ہوئی تھی اور ان میں پانی دیئے جانے کے باعث اس کی بنیادیں کمزور ہونے کی وجہ سے دیوار کا کئی فٹ طویل حصہ اچانک زمین بوس ہوگیا تاہم ملیر سٹی واقعے کی مزید تحقیقات کر رہی ہے۔

Load Next Story