نوجوانوں کو کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ نوجوانوں کو کھیلوں جیسی صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنا ہے۔
کوئٹہ آل پاکستان سی ایم بلوچستان گولڈ کپ فٹبال ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب کے بعد میڈیا سے خصوصی گفتگو میں وزیر اعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچ نوجوان کوسازش کے تحت لاحاصل جنگ میں دھکیلا جارہا ہے۔
سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم نے بلوچستان کے نوجوانوں کو جنگ کے بجائے معاشرے کا فعال شہری بنانا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہم عوام میں نہیں جا سکتے جیسے تاثر کو آج عوام سے بھرے اسٹیڈیم اور ہماری موجودگی نےغلط ثابت کردیا۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ آپ اور ہم میں صرف یہ فرق ہے کہ آپ لوگوں کوایک شہر پر چڑھائی جبکہ ہم نوجوانوں کو کھیلوں کے میدان میں اکٹھا کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ایک صوبے کے دوست وزیر اعلیٰ کو مشورہ ہے کہ لوگوں کو احتجاج کے بجائے فیسٹیول کیلئے اکھٹا کریں۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ہم دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑے ہیں اور اس جنگ میں سرخرو ہوں گے۔
سرفراز بگٹی نے مزید کہا کہ دہشتگردی کیخلاف جنگ میں کامیابی ریاست پاکستان کی ہوگی اور ہم ریاست کے ساتھ کھڑے ہیں۔