کراچی کی ترقی جماعت اسلامی کو ہضم نہیں ہو رہی، ترجمان سندھ حکومت
ترجمان سندھ حکومت سعدیہ جاوید نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی کی ریکارڈ ترقی اور عوامی منصوبے جماعت اسلامی کو ہضم نہیں ہو رہے۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن اپنی جماعت کے لیے بھی سیاسی خودکش حملہ آور ثابت ہوئے ہیں، جن کی قیادت میں جماعت اسلامی پاکستان بھر سے سکڑ کر کراچی کی چند گلیوں اور محلوں تک محدود ہو گئی ہے۔ دھرنوں کی کال دے کر واپس لینا اور اپنی جماعت کا سیاسی مذاق بنوانا ان کی سیاست کی پہچان بن چکا ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتخابات میں شکست جماعت اسلامی کا مقدر بن چکی ہے، اس لیے الزامات لگانے کے بجائے عوامی خدمت پر توجہ دی جائے۔ بلدیاتی انتخابات سے لے کر عام انتخابات تک کراچی کے عوام نے پیپلز پارٹی پر اعتماد کیا۔
ترجمان سندھ حکومت کے مطابق کراچی کے بنیادی ڈھانچے کی بحالی پیپلز پارٹی کا تاریخی کارنامہ ہے، جبکہ سندھ حکومت نے تعلیم اور صحت کے شعبوں میں ایسی اصلاحات کی ہیں جو سب کے سامنے ہیں۔
سعدیہ جاوید نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام غریبوں کی مدد کے لیے شروع کیا گیا پروگرام ہے، اسے بھکاری کہنا مستحق خواتین کی توہین ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ حافظ نعیم الرحمن سستی شہرت حاصل کرنے اور اپنی سیاست چمکانے کے لیے پیپلز پارٹی پر بے بنیاد الزامات لگا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام منفی اور انتشار کی سیاست کو مسترد کرکے آگے بڑھ چکے ہیں۔
سعدیہ جاوید نے جماعت اسلامی کو تنقید برائے تنقید کے بجائے عوام کے لیے کوئی تعمیری کام کرکے دکھانے کا مشورہ بھی دیا۔