سوتیلی بیٹی سے زیادتی اور بیوی پر تشدد کرنیوالے شخص کو 27 سال قید کی سزا

عدالت نے ملزم پر 5 لاکھ روپے جرمانہ اور متاثرہ لڑکی کو 2 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم بھی سنایا

بھارت میں بوائے فرینڈ کیساتھ گاڑی میں جانے والی خاتون سے اجتماعی زیادتی

کراچی:

سوتیلی بیٹی سے زیادتی اور بیوی پر تشدد کرنے والے شخص کو عدالت نے 27 سال قید کی سزا سنادی۔

ایڈیشنل سیشن کورٹ جنوبی نے 16 سالہ سوتیلی بیٹی کو زیادتی کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں ملزم سہیل کو 25 سال قید کی سزا سنا دی۔ عدالت نے بیوی پر تشدد کرنے کے جرم میں مزید 2 سال قید کی سزا سناتے ہوئے ملزم پر 5 لاکھ روپے جرمانہ بھی عائد کیا، جبکہ متاثرہ لڑکی کو 2 لاکھ روپے ہرجانہ ادا کرنے کا حکم دیا۔

سرکاری وکیل کے مطابق متاثرہ لڑکی کی والدہ نے 2023 میں ملزم سہیل سے شادی کی تھی۔ اپریل 2025 میں خاتون کی 16 سالہ بیٹی نے اپنی والدہ کو بتایا کہ سوتیلے باپ نے اسے زیادتی کا نشانہ بنایا اور دھمکیاں بھی دیں۔

بیٹی کی جانب سے واقعے سے آگاہ کیے جانے کے بعد والدہ نے ملزم سے اس معاملے پر پوچھ گچھ کی۔

استغاثہ کے مطابق متاثرہ لڑکی کی والدہ نے ملزم سہیل سے بیٹی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بارے میں سوال کیا تو اس نے خاتون کو تشدد کا نشانہ بنایا اور موقع سے فرار ہوگیا۔

واقعے کا مقدمہ تھانہ ڈیفنس میں درج کیا گیا تھا، جس کے بعد ملزم کے خلاف عدالتی کارروائی ہوئی اور فریقین کے دلائل سنے گئے۔

دوران سماعت وکیل صفائی نے ملزم پر عائد الزامات کی تردید کرتے ہوئے مقدمے کے اندراج میں تاخیر اور ڈی این اے رپورٹ موجود نہ ہونے کو اپنے دفاع کی بنیاد بنایا، تاہم عدالت نے وکیل صفائی کے دلائل مسترد کر دیے۔

عدالت نے قرار دیا کہ متاثرہ لڑکی نے مقدمے میں تاخیر سے متعلق صورتحال کی وضاحت اپنے بیان میں پیش کی تھی۔

عدالت کے مطابق متاثرہ لڑکی نے بتایا تھا کہ ملزم واقعے کے بعد 4 روز تک گھر میں موجود رہا اور اس دوران اسے اور اس کی 12 سالہ بہن کو دھمکیاں دیتا رہا۔

عدالت نے متاثرہ کے اس بیان کو سامنے رکھتے ہوئے دفاع کے اعتراضات مسترد کیے اور ملزم سہیل کو قید، جرمانے اور متاثرہ لڑکی کو ہرجانہ ادا کرنے کی سزا سنائی۔

Load Next Story