سیکیورٹی خدشات کے باعث راولپنڈی اور مری میں ایک ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ

نوٹیفکیشنز کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ڈرونز کے استعمال کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے

فوٹو: فائل

راولپنڈی ڈویژن کے دو اہم اضلاع میں سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر غیر معمولی پابندیاں عائد کردی گئی ہیں، راولپنڈی اور مری میں دفعہ 144 نافذ کرکے ایک ماہ تک جلسے، جلوس، ریلیاں، دھرنے اور 5 یا زائد افراد کے اجتماعات ممنوع قرار دے دیے گئے ہیں اور موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ڈرونز کے استعمال پر بھی پابندی ہوگی، اس حوالے سے الگ الگ نوٹیفکیشنز جاری کردیے گئے ہیں۔

ضلعی انٹیلیجنس کمیٹی کی سفارشات پر جاری نوٹیفکیشنز کے مطابق پابندیاں 10 اکتوبر سے 8 نومبر تک برقرار رہیں گی، دونوں اضلاع میں 5 یا زائد افراد کے اجتماعات، جلسوں، جلوس، احتجاج، مظاہروں، ریلیوں اور دھرنوں پر پابندی عائد ہوگی اور اس دوران اسلحے کی نمائش، اشتعال انگیز تقاریر، کیل دار ڈنڈوں، غلیل، بال بیئرنگ، پیٹرول بم اور دھماکا خیز مواد لے جانے پر بھی پابندی ہوگی۔

نوٹیفکیشنز کے مطابق موٹر سائیکل کی ڈبل سواری اور ڈرونز کے استعمال کو بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔

مری پولیس نے بتایا کہ پابندیوں کا مقصد شہریوں، سیاحوں، سرکاری عمارتوں اور حساس تنصیبات کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔

ڈی پی او مری رضا تنویر سپرا نے تمام پولیس افسران کو دفعہ 144 پر سختی سے عمل درآمد اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کردی ہے۔

راولپنڈی کے ڈپٹی کمشنر کیپٹن (ر) ندیم ناصر نے ضلع راولپنڈی میں امن و امان کی صورت حال اور عوامی تحفظ کے پیش نظر دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے مختلف سرگرمیوں پر پابندی عائد کر دی ہے۔

نوٹیفکیشن کے مطابق 5 یا اس سے زائد افراد کے اجتماعات، دھرنوں، ریلیوں، جلوس، مظاہروں، جلسوں اور احتجاجی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، اسلحے کی نمائش، اشتعال انگیز اور نفرت انگیز تقاریر، پولیس کی جانب سے اجتماعات یا ٹریفک کی نقل و حرکت کے لیے عائد پابندیوں کی خلاف ورزی اور ڈرون کے استعمال پر بھی ممانعت ہے۔

مزید بتایا گیا ہے کہ مذکورہ پابندیاں 10 اکتوبر 2026 سے 8 نومبر 2026 تک مجموعی طور پر 30 روز کے لیے نافذ العمل رہیں گی۔

ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کی جانب سے متعلقہ اداروں کو حکم نامے پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

Load Next Story