کراچی؛ حساس مقامات کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کرنے والا فتنۃ الہندوستان کا دہشتگرد گرفتار

دہشتگرد کے قبضے سے دستی بم بھی برآمد کیا گیا، گرفتار دہشتگرد پڑوسی ملک سے دہشتگردی کی تربیت حاصل کر چکا ہے

کراچی:

سی ٹی ڈی کراچی اور وفاقی حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنۃ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گرد کو گرفتار کرکے اس کے قبضے سے دستی بم برآمد کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سی ٹی ڈی آپریشن کراچی اور وفاقی حساس ادارے کی مشترکہ ٹیم کو اطلاع موصول ہوئی کہ کالعدم دہشت گرد تنظیم فتنۃ الہندوستان (بی آر جی) سے تعلق رکھنے والا ایک تربیت یافتہ دہشت گرد اپنے غیر ملکی ہینڈلر کی ہدایات پر کراچی میں موجود ہے۔ گرفتار دہشتگرد بارودی مواد کے ذریعے شہر کے حساس مقامات اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے دفاتر کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی کر رہا تھا۔

اطلاع کی بنیاد پر مشترکہ ٹیم نے پیشہ ورانہ مہارت اور ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے کارروائی کی اور ملزم فضل حق خان ولد کمین کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کے دوران دہشتگرد کے قبضے سے ایک عدد دستی بم بھی برآمد کیا گیا۔ گرفتار دہشتگرد پڑوسی ملک سے دہشت گردی کی تربیت حاصل کر چکا ہے۔

دہشتگرد کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں اور مالی معاونین کی نشاندہی اور گرفتاری کے لیے سی ٹی ڈی آپریشن کراچی اور وفاقی حساس اداروں کی مشترکہ ٹیمیں تحقیقات اور کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

گرفتار دہشتگرد کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی آپریشن کراچی میں مقدمہ الزام نمبر 94/2026، بجرم دفعات 4/5 ایکسپلوسیو سبسٹینسز ایکٹ 1908، معہ دفعہ 7 انسدادِ دہشت گردی ایکٹ 1997 درج کرکے قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔

کارروائی میں حصہ لینے والی ٹیم کی پیشہ ورانہ خدمات کوسراہتے ہوئے اعلیٰ حکام نے اہلکاروں کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان کیا ہے۔

Load Next Story