کرک میں الوڑگی گیس لیکیج دھماکے کے مزید 4 زخمی دم توڑ گئے، تعداد سات ہوگئی
کرک میں الوڑگی گیس لیکیج دھماکے کے مزید 4 زخمی دم توڑ گئے، جاں بحق افراد کی تعداد سات ہوگئی، دو زخمیوں کی حالت تاحال تشویش ناک ہے۔
ایکسپریس کے مطابق ضلع کرک کے تحصیل بانڈہ داؤد شاہ کے علاقے الوڑگی میں گیس لیکیج دھماکے کے مزید چار زخمی ہسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جس کے بعد حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد سات ہو گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق جاں بحق افراد میں گھر کا سربراہ بغداد، ان کی بیوی، بہوئیں اور چار نواسے شامل ہیں۔ ایک ہی گھر سے سات جنازے اٹھنے کے بعد پورے علاقے میں سوگ کا سماں ہے اور فضا سوگوار ہے۔
گیس لیکیج کا یہ افسوسناک واقعہ تین دن قبل پیش آیا تھا، جس میں ایک خاتون سمیت تین افراد موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ دیگر کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔
حادثے کے مزید دو زخمی تاحال تشویش ناک حالت میں پشاور کے اسپتال میں زیرِ علاج ہیں، جن کی صحت یابی کے لیے علاقہ مکین دعا گو ہیں۔