گورنر خیبر پختونخوا کی زیر صدارت خصوصی سیکیورٹی اجلاس، اپیکس کمیٹی کا اجلاس کل طلب
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی پریس کانفرنس کرتے ہوئے (فوٹو : ایکسپریس)
گورنر خیبر پختونخوا کی زیر صدارت خصوصی سیکیورٹی اجلاس ہوا جس کے بعد اپیکس کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کرلیا گیا۔
گورنر خیبر پختونخوا کی سربراہی میں پشاور میں خصوصی سکیورٹی اجلاس منعقد ہوا، جس میں صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خطرات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں کونسل آف ایڈوائزرز کے ارکان، چیف سیکرٹری، ایڈوائزر برائے قبائلی و داخلہ امور، آئی جی پولیس، سینئر پولیس و سی ٹی ڈی حکام اور حساس اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ اجلاس کو بریفنگ دی گئی کہ آج ایمرجنسی کے نفاذ کے بعد صوبے بھر میں صورتحال پُرامن اور معمول کے مطابق رہی۔
اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پولیس، کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ شرکا نے اداروں کی استعداد کار میں اضافے اور انہیں درپیش مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
اجلاس میں وطن کے لیے قربانیاں دینے والے شہدا اور ان کے اہل خانہ کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔ گورنر خیبر پختونخوا نے کہا کہ وہ اور ان کی کونسل قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کی معاونت کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت اور پختہ عزم کے ساتھ جاری رکھی جائے گی اور صوبے کے عوام سکیورٹی فورسز کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔
اجلاس میں اس عزم کا بھی اظہار کیا گیا کہ خیبر پختونخوا کے عوام خوارج اور ان کے سہولت کاروں کو مکمل طور پرمسترد کرتے ہیں۔دریں اثنا، گورنر خیبر پختونخوا نے صوبے کی مجموعی سکیورٹی صورتحال اور دہشت گردی کے خطرات کا جائزہ لینے کے لیے صوبائی اپیکس کمیٹی کا پہلا اجلاس کل طلب کر لیا ہے۔