امریکی بحری ناکہ بندی سخت، ایران جانے والے 135 تجارتی جہاز واپس موڑ دیے گئے

امریکی فوج کے مطابق ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک 10 آئل ٹینکروں کو بھی تباہ کیا گیا

امریکی فوج نے ایران کی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی پر عمل درآمد مزید سخت کردیا ہے۔

امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 135 بحری جہازوں کو واپس موڑا گیا، جبکہ چار تجارتی جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا۔

امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسی عرصے میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک 10 آئل ٹینکروں کو بھی تباہ کیا گیا۔

سینٹ کام کے مطابق تازہ کارروائی اتوار، 11 اکتوبر کو خلیجِ عمان میں کی گئی، جہاں امریکی لڑاکا طیارے نے پاناما کے پرچم تلے سفر کرنے والے تجارتی جہاز ایم وی اوشن مولیکا، جسے اریکا سن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کے پچھلے حصے پر انتہائی درست نشانہ لگانے والا گولہ بارود استعمال کیا۔

امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس حملے سے جہاز کا انجن اور آگے بڑھنے کا نظام ناکارہ ہوگیا، تاہم عملے کا کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔

سینٹ کام کے مطابق جہاز کے عملے نے متعدد مرتبہ دی گئی امریکی وارننگز کو نظر انداز کیا اور بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی۔ امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز اس سے قبل ایران کی ایک بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔

امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے دوران تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت محدود کرنے اور مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ تاہم فراہم کردہ رپورٹ میں ناکارہ بنائے گئے چاروں تجارتی جہازوں اور تباہ کیے گئے 10 آئل ٹینکروں کی الگ الگ تفصیلات شامل نہیں ہیں۔

Load Next Story