سندھ ہائیکورٹ؛ کے ڈی اے کو 3 ہفتوں میں معذور کوٹہ نافذ کرنے کا حکم

معذور افراد کو قانون کے تحت حاصل حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا، عدالت عالیہ

کراچی:

سندھ ہائیکورٹ نے کراچی ڈیولپمنٹ اتھارٹی (کے ڈی اے) کو 3 ہفتوں میں معذور افراد کا کوٹہ نافذ کرنے کا حکم دے دیا ہے۔

عدالت نے واضح کیا کہ معذور افراد کے قانونی حقوق کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا ۔ دستیاب اسامیوں پر کوٹے کا نفاذ شفاف طریقے سے یقینی بنایا جائے۔

واضح رہے کہ یہ معاملہ بینائی سے محروم بہن بھائی کو ملازمت نہ دینے سے متعلق ہے، جس پر چیف سیکریٹری سندھ اور ڈی جی کے ڈی اے کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی۔

سماعت کے دوران ڈی جی کے ڈی اے عدالت میں پیش ہوئے اور بتایا کہ ادارے میں معذور افراد کے کوٹے پر بھرتیوں کا کوئی نظام موجود نہیں۔

عدالت نے ہدایت کی کہ دستیاب اسامیوں پر معذور کوٹہ شفاف انداز میں نافذ کیا جائے اور بھرتیوں کے دوران امیدواروں کی اہلیت کے ساتھ متعلقہ قواعد پر عمل درآمد بھی یقینی بنایا جائے۔

عدالت نے واضح کیا کہ معذور افراد کو قانون کے تحت حاصل حقوق سے محروم نہیں رکھا جاسکتا ، ان کے حقوق کا تحفظ ضروری ہے۔

درخواست گزاروں کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ کے مطابق عدالت پہلے ہی معذور کوٹے کے تحت دونوں بہن بھائی کو مستقل کرنے کا حکم دے چکی تھی۔ صائمہ اور مجتبیٰ کے ڈی اے میں کنٹریکٹ پر تعینات ہوئے تھے اور دونوں نے وہاں  2 سے 3 سال تک کام کیا۔

عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے عدالت کو بتایا کہ دونوں بہن بھائی کو معذور کوٹے کے تحت مستقل کیا جانا تھا، تاہم کے ڈی اے نے انہیں مستقل کرنے کے بجائے دونوں کے کنٹریکٹ بھی ختم کردیے۔ معاملے پر توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی۔

آج سماعت کے دوران سندھ ہائیکورٹ نے معذور کوٹہ نافذ کرنے کے لیے 3 ہفتوں کی مہلت مقرر کردی۔

Load Next Story