لیونل میسی کو بیلن ڈی اور تقریب میں بڑی ذمہ داری ملنے کا امکان
ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی کی 26 اکتوبر کو لندن میں ہونے والی بیلن ڈی اور ایوارڈز کی تقریب میں شرکت متوقع ہے۔
لیونل میسی کو ایوارڈ کے نئے فاتح کو ٹرافی پیش کرنے کی ذمہ داری بھی سونپی جا سکتی ہے۔
رپورٹر خوان جیسس کے مطابق انٹر میامی کے اسٹار فٹبالر تقریب میں شریک ہوں گے تاہم میسی کی شرکت اور ایوارڈ پیش کرنے کے کردار کی تاحال آزاد ذرائع سے تصدیق نہیں ہوئی۔
میسی دو ایڈیشنز میں نامزدگی حاصل نہ کرنے کے بعد ایک مرتبہ پھر ایوارڈ کے 30 امیدواروں کی فہرست میں شامل ہیں۔
وہ اپنے کیریئر میں ریکارڈ آٹھ مرتبہ یہ اعزاز جیت چکے ہیں اور آخری بار 2023 میں بیلن ڈی اور اپنے نام کیا تھا۔
39 سالہ اسٹار نے کلب اور قومی ٹیم کی جانب سے عمدہ کارکردگی دکھائی ہے جس کے باعث انہیں ایک مرتبہ پھر ایوارڈ کے امیدواروں میں شامل کیا گیا ہے۔
بیلن ڈی اور کی تقریب لندن کے معروف لندن پیلیڈیم میں منعقد ہوگی۔ یہ پہلا موقع ہوگا جب یہ تقریب برطانوی دارالحکومت میں منعقد کی جائے گی۔
ایونٹ میں بہترین نوجوان کھلاڑی کے لیے کوپا ٹرافی اور بہترین گول کیپر کے لیے یاشین ٹرافی سمیت دیگر انفرادی اعزازات بھی دیے جائیں گے۔
اگر میسی کی شرکت اور ٹرافی پیش کرنے کی ذمہ داری کی تصدیق ہوجاتی ہے تو تقریب میں ان کی موجودگی خصوصی اہمیت اختیار کرلے گی۔