مشکوک ریزیڈنٹ کارڈ، مسافر کو بیرون ملک جانے سے روک دیا گیا
ایف آئی اے امیگریشن نے اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے لیتھونیا (Lithuania) جانے والے مسافر کو مشتبہ/جعلی ریزیڈنٹ کارڈ کی بنیاد پر آف لوڈ کردیا۔
ایف آئی اے حکام کے مطابق مسافر کو ٹرکش ایئرلائنز کی پرواز TK 0751 کے ذریعے لیتھونیا روانگی سے قبل کاؤنٹر اہلکار نے سیکنڈری پروفائلنگ کے لیے ریفر کیا۔
سفری دستاویزات کی تفصیلی جانچ پڑتال کے دوران مسافر کا لیتھونیا کا ریزیڈنٹ کارڈ مشتبہ/جعلی کارڈ پایا گیا جس پر مزید قانونی کارروائی اور تفتیش کے لیے مسافر کو ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل اسلام آباد منتقل کر دیا گیا۔
ایف آئی اے نے کہا ہے کہ ایف آئی اے بیرونِ ملک ملازمت اور سفر کے نام پر شہریوں کو دھوکا دینے والے ایجنٹوں کے خلاف کارروائی کے لیے پُرعزم ہے، عوام ویزا اور سفری دستاویزات کے حصول کے لیے مستند ذرائع اختیار کریں اور مشکوک ایجنٹوں سے ہوشیار رہیں۔