یورپ جانے کے خواہشمند خبردار ہوجائیں؛ 150 جعلی ویب سائٹس سرگرم
برطانوی شہریوں کے لیے نئے ڈیجیٹل سفری اجازت نامے کا اجرا ایک بار پھر مؤخر ہوگیا (اے آئی فوٹو)
یورپ جانے والے برطانوی شہریوں کے لیے نئے ڈیجیٹل سفری اجازت نامے کا اجرا ایک بار پھر مؤخر ہوگیا جبکہ اس کے نام پر 150 سے زائد جعلی ویب سائٹس سامنے آنے کے بعد مسافروں کو مالی فراڈ اور ذاتی معلومات چوری ہونے کا خطرہ لاحق ہے۔
برطانوی اخبار دی سن کی رپورٹ کے مطابق یورپی سفری معلومات اور اجازت نامے کا نظام (ای ٹی آئی اے ایس) برطانیہ سمیت ان ممالک کے شہریوں پر لاگو ہوگا جنہیں یورپی شینگن علاقے میں مختصر قیام کے لیے پہلے سے ویزا درکار نہیں ہوتا۔
اس نظام کے اجرا کی توقع 2026 کے آخر میں تھی تاہم برطانوی ٹریول ایسوسی ایشن کے مطابق اس کی کوئی باضابطہ تاریخ مقرر نہیں کی گئی۔
ایسوسی ایشن نے خبردار کیا ہے کہ اس وقت درخواست دینے کی کوشش کرنے والے افراد دھوکا دہی کا شکار ہوسکتے ہیں اور انہیں رقم کے ساتھ ذاتی معلومات سے بھی محروم ہونا پڑ سکتا ہے۔
مجوزہ اجازت نامہ پاسپورٹ سے منسلک ہوگا اور زیادہ سے زیادہ تین سال یا پاسپورٹ کی میعاد ختم ہونے تک مؤثر رہے گا۔ اس کی متوقع فیس 20 یورو، یعنی تقریباً 17 پاؤنڈ ہے۔
تاہم 18 سال سے کم اور 70 سال سے زائد عمر کے افراد کو فیس ادا نہیں کرنا ہوگی اگرچہ انھیں درخواست دینا پڑے گی۔
ای ٹی آئی اے ایس سفر سے پہلے اجازت حاصل کرنے کا نظام ہے۔ یہ نظام یورپی داخلہ و اخراج نظام سے مختلف ہے جو مسافروں کے داخلے اور اخراج کا ریکارڈ رکھتا ہے۔
برطانوی حکومت نے ہدایت جاری کی ہے کہ نئے قواعد اور جعلی ویب سائٹس کے باعث مسافروں کو سرکاری ویب سائٹ سے تصدیق کے بغیر کسی پلیٹ فارم پر ادائیگی یا ذاتی معلومات فراہم نہیں کرنی چاہییں۔