’پکچر ابھی باقی ہے‘، ریڑھ کی ہڈی کی سرجری کے بعد نصرت بھروچا کا پہلا پیغام

انسٹاگرام اسٹوری میں غروبِ آفتاب کی تصویر کے ساتھ ان کے الفاظ نے مداحوں کی توجہ حاصل کرلی

بالی میں حادثے کے دوران ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر اور ممبئی میں سرجری کے بعد اداکارہ نُصرت بھروچا نے پہلی بار سوشل میڈیا پر اپنی خیریت سے متعلق پیغام شیئر کیا ہے۔

انسٹاگرام اسٹوری میں غروبِ آفتاب کی تصویر کے ساتھ ان کے الفاظ نے مداحوں کی توجہ حاصل کی، جہاں انہوں نے امید ظاہر کی کہ ان کی زندگی کے نئے مرحلے کی کہانی ابھی باقی ہے۔

ہفتے کے روز شیئر کی گئی تصویر میں کھڑکی کے قریب ایک خالی وہیل چیئر دکھائی دے رہی ہے، جبکہ پس منظر میں سورج افق پر غروب ہوتا نظر آتا ہے۔ اداکارہ نے اس کے ساتھ لکھا، ’’میں ہمیشہ غروبِ آفتاب کے خوب صورت مناظر کے پیچھے بھاگتی رہی ہوں، اچانک میرا منظر ہی بدل گیا۔ مگر، پکچر ابھی باقی ہے میرے دوست۔‘‘

نُصرت بھروچا کو اکتوبر کے آغاز میں انڈونیشیا کے جزیرے بالی کے دورے کے دوران حادثہ پیش آیا تھا، جس میں ان کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہوگیا۔ وہ وہاں کام اور چھٹیاں گزارنے کے سلسلے میں موجود تھیں۔

حادثے کے بعد اداکارہ کی ٹیم نے بتایا تھا کہ انہیں طبی نگرانی میں رکھا گیا ہے اور بہتر علاج کے لیے ممبئی منتقل کرنے کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔ بعد ازاں انہیں فضائی ایمبولینس کے ذریعے ممبئی لایا گیا، جہاں ان کی سرجری کی گئی۔

ٹیم کے مطابق ریڑھ کی ہڈی کی چوٹ اور آپریشن کے بعد نُصرت کو صحت یابی کے لیے آرام اور وقت درکار ہے۔ اس صورتِ حال کے باعث آئندہ چند ہفتوں کے دوران ان کے کام کے شیڈول پر بھی اثر پڑنے کا امکان ہے۔

نُصرت بھروچا ’پیار کا پنچ نامہ‘، ’سونو کے ٹیٹو کی سویٹی‘ اور ہارر فلم ’چھوری‘ سمیت کئی فلموں میں کام کر چکی ہیں۔ انہوں نے کامیڈی، ڈرامے اور خوف پر مبنی فلموں میں مختلف کردار ادا کرکے اپنی شناخت بنائی ہے۔

Load Next Story