جوڑوں کے درد کے لیے گھر پر بنائیں مزیدار سوپ، ترکیب نہایت آسان
جوڑوں میں درد ہو تو روزمرہ کے کام بھی مشکل محسوس ہونے لگتے ہیں۔ ایسے میں متوازن غذا جسم کی غذائی ضروریات پوری کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔
پیاز، لہسن اور دودھ سے تیار ہونے والا سوپ ایک منفرد غذائیت بخش ترکیب ہے، جسے گھر پر آسانی سے بنایا جا سکتا ہے۔
سوپ بنانے کے لیے کن اجزاء کی ضرورت ہو گی؟
اس سوپ کو تیار کرنے کے لیے پیاز کے 3 کھانے کے چمچ، لہسن کے 2 جوے، سورج مکھی کا تیل 4 کھانے کے چمچ، آٹا ایک کھانے کا چمچ، چکن یخنی یا پانی 600 ملی لیٹر، بچھو بوٹی 450 گرام اور کم چکنائی والا دودھ 600 ملی لیٹر درکار ہو گا۔ ذائقے کے لیے نمک، کالی مرچ اور ہرا دھنیا بھی شامل کیا جا سکتا ہے۔
سوپ تیار کرنے کا طریقہ
سب سے پہلے پین میں تیل گرم کر کے پیاز اور لہسن کو ہلکا سا بھون لیں۔ اب آٹا شامل کریں اور مسلسل چمچ چلاتے ہوئے یخنی یا پانی ڈالیں تاکہ آمیزے میں گٹھلیاں نہ بنیں۔
اس کے بعد بچھو بوٹی شامل کر کے ڈھکن ڈھانپ دیں اور ہلکی آنچ پر نرم ہونے تک پکائیں۔ آمیزہ ٹھنڈا ہونے پر بلینڈر میں یکجان کر لیں، پھر دوبارہ پین میں ڈال کر دودھ شامل کریں اور مزید 5 سے 10 منٹ پکائیں۔ آخر میں نمک، کالی مرچ اور ہرا دھنیا ڈال کر گرم گرم پیش کریں۔
استعمال سے پہلے یہ احتیاط ضرور کریں
بچھو بوٹی کو مناسب طریقے سے صاف اور تیار کرنا ضروری ہے، کیونکہ اس کے باریک بال جلد پر جلن پیدا کر سکتے ہیں جبکہ جوڑوں کے درد میں مسلسل آرام نہ آئے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں۔