کراچی: پولیس اہلکار بن کر غیرملکی مہمانوں کو لوٹنے والا ملزم گرفتار
کراچی کے علاقے لیاری میں ساؤتھ زون پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے خود کو پولیس اور سی آئی اے اہلکار ظاہر کرکے غیرملکی مہمانوں کو لوٹنے والے ملزم کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کرلیا، جبکہ اس کا ساتھی فرار ہوگیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ سید اسد رضا کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت مسلم ولد شان محمد کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے 4 کروڑ 30 ہزار ایرانی کرنسی، 52 ہزار بنگلہ دیشی ٹکہ، 2 ہزار امریکی ڈالر، واردات میں استعمال ہونے والی آلٹو کار، 3 گاڑیوں کی نمبر پلیٹس، پولیس کیپ، واکی ٹاکی سیٹ اور دیگر سامان برآمد کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق گرفتار ملزم اور اس کے مفرور ساتھی مصطفیٰ نے 9 اکتوبر کو نبی بخش تھانے کی حدود میں بنگلہ دیش سے آنے والی تبلیغی جماعت کے 3 ارکان کو پولیس اور سی آئی اے اہلکار ظاہر کرکے لوٹا تھا۔ ملزمان ان کے ہینڈ بیگ چھین کر فرار ہوگئے تھے، جن میں بنگلہ دیشی اور دیگر غیرملکی کرنسی، بینک کارڈز اور شناختی دستاویزات شامل تھیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان نے 11 اکتوبر کو پریڈی تھانے کی حدود صدر میں ترکیہ سے آئے 3 غیرملکی مہمانوں کو بھی نشانہ بنایا۔ آلٹو گاڑی میں سوار ملزمان نے خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرکے ان سے 2 ہزار امریکی ڈالر چھین لیے تھے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ نے بتایا کہ ترک وفد جامعۃ الرشید میں منعقدہ انٹرنیشنل سمٹ میں شرکت کے لیے کراچی آیا تھا اور ایک مقامی ہوٹل میں قیام پذیر تھا۔ دونوں واقعات کے مقدمات متعلقہ تھانوں میں درج ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم سے تفتیش جاری ہے جبکہ فرار ملزم اور وارداتوں میں ملوث دیگر ممکنہ ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔