شوٹنگ کے دوران عمران ہاشمی کے ساتھ حادثہ، چہرے کے قریب کار آگری
بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی اپنی نئی جاسوسی فلم ’گن ماسٹر جی 9‘ کی عکس بندی کے دوران ایک خطرناک حادثے کی زد میں آنے سے بال بال بچ گئے۔
بنگلورو میں فلم کے کلائمکس کی شوٹنگ کے وقت ایک اسٹنٹ کے دوران کار اداکار کے چہرے سے محض ایک فٹ کے فاصلے پر آگری، تاہم وہ محفوظ رہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ 13 اکتوبر کو پیش آیا، جب ایک مخصوص میکانزم کی مدد سے کار کو ہوا میں معلق رکھنے کا اسٹنٹ فلمایا جا رہا تھا۔ اسی دوران اچانک میکانزم میں خرابی پیدا ہوگئی اور گاڑی نیچے آگری۔ صورت حال کے باعث فلم کی شوٹنگ کچھ دیر کے لیے روکنا پڑی۔
47 سالہ عمران ہاشمی کو اس واقعے میں کوئی چوٹ نہیں آئی، جبکہ کسی دوسرے شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع بھی سامنے نہیں آئی۔ فلم کے ہدایت کاروں اور پروڈیوسرز نے تاحال اس معاملے پر کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، اس لیے یہ واضح نہیں کہ پیش آنے والا واقعہ اسٹنٹ کے طے شدہ حصے کے طور پر ہوا یا اس کی وجہ واقعی تکنیکی خرابی تھی۔