آسٹریلیا میں جیٹ اسٹار طیارہ رن وے پر وین سے ٹکرانے سے بال بال بچ گیا

ایک سفید وین ممنوعہ فضائی حصے میں داخل ہوگئی۔ طیارہ گاڑی سے صرف 15 میٹر کے فاصلے سے گزرا

رواں ماہ ہی جاپان ایئر لائنز اور کوسٹ گارڈ طیارے کے تصادم میں 5 افراد ہلاک ہوگئے تھے، فوٹو: ٹوئٹر

آسٹریلیا کے شہر ٹاؤنس وِل کے ہوائی اڈے پر جیٹ اسٹار ایئرلائن کا مسافر طیارہ لینڈنگ کے دوران ایک وین سے ٹکرانے سے بال بال بچ گیا۔

برطانوی اخبار دی انڈیپنڈنٹ کے مطابق جیٹ اسٹار کی پرواز JQ908 برسبین سے تقریباً ڈیڑھ گھنٹے کا سفر مکمل کرکے کوئنزلینڈ کے ٹاؤنس وِل ایئرپورٹ پر اترنے والی تھی۔

ایئربس اے 320 طیارہ رن وے کی جانب بڑھ رہا تھا کہ اسی دوران ایک سفید وین ممنوعہ فضائی حصے میں داخل ہوگئی۔ طیارہ گاڑی سے صرف 15 میٹر کے فاصلے سے گزرا، واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔

حکام کے مطابق رن وے پر موجود روشن اسٹاپ بار کو عبور کرنا ممنوع ہوتا ہے کیونکہ یہ طیاروں کی لینڈنگ کے دوران گاڑیوں کی نقل و حرکت روکنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

جیٹ اسٹار کے ترجمان نے کہا کہ طیارے نے معمول کے مطابق بحفاظت لینڈنگ کی اور کسی ناخوشگوار واقعے کی اطلاع نہیں ملی۔ ایئرلائن تحقیقات میں حکام کے ساتھ تعاون کررہی ہے۔

آسٹریلوی دفاعی حکام نے بھی واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے مزید تبصرے سے گریز کیا ہے۔

واضح رہے کہ دو ماہ قبل سڈنی ایئرپورٹ پر جیٹ اسٹار کے ایک اور طیارے کو قطر ایئرویز کے طیارے سے ممکنہ ٹکراؤ سے بچنے کے لیے اچانک بریک لگانا پڑی تھی۔


Load Next Story