سعودی عرب میں نمائشی ٹینس ٹورنامنٹ ملتوی
(فوٹو: فائل)
سعودی عرب کی جنرل انٹرٹینمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین نے بدھ کو اعلان کیا ہے کہ یمن کے حوثی باغیوں کی جانب سے مملکت پر متعدد حملوں کے بعد نمائشی ٹینس ٹورنامنٹ ’سکس کنگز سلیم‘ ملتوی کر دیا گیا ہے۔
ٹورنامنٹ میں نوواک جوکووچ، کارلوس الکاراز اور الیگزینڈر زیویریو سمیت معروف ٹینس کھلاڑیوں نے آئندہ ہفتے شرکت کرنا تھی۔ دیگر کھلاڑیوں میں ٹیلر فرٹز، لرنر ٹیئن اور ایلکس ڈی مینور بھی شامل تھے۔
یہ ایونٹ پہلے 21 سے 24 اکتوبر تک منعقد ہونا تھا جبکہ اس کی براہِ راست نشریات نیٹ فلکس پر دکھائی جانی تھیں۔ تاہم، اب یہ ٹورنامنٹ 27 سے 30 دسمبر تک منعقد ہوگا۔
ترکی آل الشیخ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ریاض سیزن کے تفریحی پروگرام کی جانب سے جاری کردہ بیان شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ سکس کنگز سلیم ٹورنامنٹ انتظامی و لاجسٹک وجوہات کی بنا پر ملتوی کر دیا گیا ہے اور اب یہ 27 دسمبر کو منعقد ہوگا۔
اس ہفتے کے آغاز میں سعودی پرو لیگ کے تین فٹ بال میچز بھی ملتوی کر دیے گئے تھے، جن میں کرسٹیانو رونالڈو کی ٹیم النصر کا ایک میچ بھی شامل تھا۔