اسٹیج پر نازیبا جملوں کا تنازع، ہنی سنگھ کو سائبر سیل کی آخری وارننگ
بھارتی گلوکار ہنی سنگھ کو ایک متنازع وائرل ویڈیو کے معاملے میں پولیس کی جانب سے سخت قانونی کارروائی کی وارننگ دی گئی ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق گلوکار مسلسل تین مرتبہ تفتیش کے لیے طلب کیے جانے کے باوجود پیش نہیں ہوئے، جس پر سائبر سیل کے اعلیٰ حکام نے ناراضی کا اظہار کیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق ہنی سنگھ نے ہر بار بیرونِ ملک موجود ہونے کا عذر پیش کیا اور تفتیش میں شرکت سے گریز کیا۔ حکام نے اب انہیں آخری وارننگ دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ مزید عدم تعاون کی صورت میں قانونی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
یہ تنازع دہلی میں منعقدہ ایک کنسرٹ کے دوران شروع ہوا، جہاں ہنی سنگھ کی جانب سے مبینہ طور پر نازیبا جملہ کہے جانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔ کلپ سامنے آنے کے بعد گلوکار کو شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑا۔
معاملہ بڑھنے پر ہنی سنگھ نے معذرت کرتے ہوئے وضاحت دی تھی کہ ان کا مقصد کسی کی دل آزاری کرنا نہیں تھا۔ ان کے مطابق وہ نئی نسل، یعنی جنریشن زی، کے اندازِ گفتگو میں کوئی بات سمجھانے کی کوشش کر رہے تھے، تاہم انہیں احساس ہوا کہ ان کا طریقہ مناسب نہیں تھا۔
ہنی سنگھ اس سے قبل بھی اپنے گانوں کے حوالے سے تنازعات کا سامنا کر چکے ہیں۔ رواں سال اپریل میں دہلی ہائی کورٹ نے ان کے ایک متنازع گانے کو انتہائی فحش اور خواتین کی تذلیل کا باعث قرار دیتے ہوئے حکومت کو ہدایت کی تھی کہ اس کے تمام لنکس انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا سے ہٹائے جائیں۔
عدالت نے اپنے حکم میں واضح کیا تھا کہ فنکارانہ آزادی کو فحاشی کے جواز کے طور پر استعمال نہیں کیا جا سکتا۔ اب وائرل کلپ کے معاملے میں سائبر سیل کی تازہ وارننگ نے گلوکار کے لیے قانونی مشکلات بڑھنے کا خدشہ پیدا کردیا ہے۔