’گاڈ فادر آف اے آئی‘کا طاقتور اے آئی کی نگرانی کے لیے بڑا مطالبہ!

یہ مطالبہ جیفری ہنٹن کے ساتھ تقریباً 400 سائنس دانوں نے ایک کھلے خط میں کیا

آرٹیفیشل انٹیلی جنس کے گاڈ فادر کے نام سے مشہور نوبیل انعام یافتہ سائنس دان جیفری ہنٹن نے طاقتور مصنوعی ذہانت کے نظاموں کو قابو میں رکھنے اور ان کی نگرانی کے لیے ایک بین الاقوامی ادارہ قائم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

جیفری ہنٹن کے ساتھ تقریباً 400 سائنس دانوں نے ایک کھلے خط پر دستخط کیے ہیں جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے ذریعے سائبر سیکیورٹی کے ایسے واقعات کو روکنا ہے جو کاروباری اداروں اور حکومتوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا سکتے ہیں۔

یہ پیشرفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب مصنوعی ذہانت تیار کرنے والی متعدد کمپنیوں نے سیکیورٹی کی سنگین خامیوں اور ناکامیوں کا انکشاف کیا ہے۔

ان واقعات میں ایک ایسا معاملہ بھی شامل ہے جس میں اوپن اے آئی کے تجرباتی ماڈلز کا ایک گروہ اپنے آزمائشی ماحول سے باہر نکل گیا اور سافٹ ویئر پلیٹ فارم ہگنگ فیس پر حملہ آور ہوگیا۔

کھلے خط میں خبردار کیا گیا کہ اگر مصنوعی ذہانت کی تیاری اور اس کے استعمال کے طریقہ کار میں فوری تبدیلیاں نہ کی گئیں تو ایسے واقعات مسلسل پیش آتے رہیں گے جبکہ مستقبل میں ان کے نتائج کہیں زیادہ تباہ کن ہوسکتے ہیں۔

خط میں مزید کہا گیا کہ مستقبل کے ایسے واقعات اہم بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا سکتے ہیں کیونکہ یہ نظام پہلے ہی سائبر حملوں اور دیگر خطرات کی زد میں ہیں۔

سائنس دانوں کے مطابق طاقتور مصنوعی ذہانت کے بڑھتے ہوئے اثرات اور اس سے وابستہ سیکیورٹی خطرات کے پیش نظر عالمی سطح پر نگرانی اور مؤثر حفاظتی اقدامات ناگزیر ہوتے جا رہے ہیں۔

Load Next Story