بیوی سے جھگڑے کا خوف، فرار کی کوشش میں 21 ویں منزل سے گر کر شوہر ہلاک
بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں 31 سالہ شخص مبینہ طور پر اپنی بیوی سے سامنا کرنے سے بچنے کے لیے 21ویں منزل کی بالکونی سے نکلنے کی کوشش کے دوران گر کر ہلاک ہوگیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کی شناخت ہرشت لاوانیا کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ اس کی شادی 2024 میں ہوئی تھی، تاہم گھریلو تنازعات کے باعث میاں بیوی گزشتہ چھ ماہ سے الگ رہ رہے تھے۔
پولیس کے مطابق ہرشت ایک کرائے کے فلیٹ میں اکیلا رہائش پذیر تھا۔ واقعے کے روز اس کی بیوی اس سے بات کرنے کے لیے فلیٹ پر پہنچی، لیکن ہرشت نے دروازہ کھولنے سے انکار کردیا۔ اس کے بعد خاتون نے سکیورٹی گارڈز کو بلا کر دروازہ کھلوانے کی کوشش کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ہرشت کو مبینہ طور پر خدشہ تھا کہ بیوی سے دوبارہ جھگڑا ہوسکتا ہے، چنانچہ اس نے فلیٹ سے نکلنے کے لیے 21ویں منزل کی بالکونی کا راستہ اختیار کرنے کی کوشش کی، تاہم اس دوران وہ نیچے گر گیا۔
رہائشیوں اور سکیورٹی گارڈز نے اسے فوری طور پر اسپتال پہنچایا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔
ہرشت کے اہل خانہ نے پولیس کو بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ کے ساتھ جاری گھریلو تنازع کے باعث ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کے مزید حقائق کی تحقیقات سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔