جاپان کا نیویارک میں چِپ فیکٹریوں میں 21 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا فیصلہ
جاپان نے امریکی ریاست نیویارک میں سیمی کنڈکٹر چِپس کی دو نئی فیکٹریاں قائم کرنے کے لیے 21 ارب ڈالر تک سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔
یہ منصوبہ امریکی کمپنی گلوبل فاؤنڈریز کے مالٹا، نیویارک میں موجود صنعتی مرکز میں مکمل کیا جائے گا۔
منصوبے کے تحت تقریباً 10 ارب ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری سے پہلی 300 ملی میٹر چِپ فیکٹری کی تعمیر تیز کی جائے گی، جس سے 2029 میں پیداوار شروع ہونے کی توقع ہے۔
دوسری فیکٹری کے لیے بھی تقریباً 10 ارب ڈالر مختص کیے جائیں گے، تاہم اس کی منظوری اور تعمیر کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔
پہلی فیکٹری مکمل فعال ہونے کے بعد سالانہ تقریباً 9 لاکھ 300 ملی میٹر ویفرز تیار کر سکے گی اور نیویارک میں ایک ہزار سے زائد اعلیٰ مہارت والی ملازمتیں پیدا ہونے کی توقع ہے۔
مجموعی منصوبے سے تعمیراتی اور متعلقہ شعبوں میں تقریباً 27 ہزار ملازمتیں پیدا ہونے کا اندازہ ہے۔
اس منصوبے میں جاپان سرمایہ فراہم کرے گا جبکہ گلوبل فاؤنڈریز فیکٹریوں کے لیے ٹیکنالوجی، تعمیراتی مہارت اور آپریشنز فراہم کرے گی۔ ابتدائی صارفین میں جاپانی کمپنی رینیساس الیکٹرانکس اور امریکی کمپنی ایپل شامل ہیں۔
یہ سرمایہ کاری امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ اور جاپان کے درمیان وسیع تر 550 ارب ڈالر کے امریکی سرمایہ کاری پیکیج کا حصہ ہے، جس کا مقصد امریکا میں سیمی کنڈکٹرز سمیت اہم صنعتی شعبوں کی پیداوار بڑھانا اور سپلائی چین کو مضبوط کرنا ہے۔