پوپ لیو کے پھیپھڑے میں کینسر کا آپریشن، ڈاکٹرز نے صحت یابی سے متعلق اہم خبر سنا دی
روم: کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ لیو چہاردہم پھیپھڑے سے سرطانی رسولی نکالنے کے آپریشن کے بعد بستر سے اٹھ کر چلنے پھرنے اور کھانا کھانے لگے ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق آپریشن کے بعد کیے گئے ٹیسٹوں کے نتائج ان کی صحت یابی میں معمول کے مطابق پیش رفت ظاہر کرتے ہیں۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق پوپ لیو کا منگل کو اٹلی کے دارالحکومت روم کے جیمیلی اسپتال میں آپریشن کیا گیا، جس کے دوران ان کے دائیں پھیپھڑے کا ایک حصہ نکال دیا گیا۔ اب رسولی کے نمونے کی بایوپسی رپورٹ کا انتظار ہے، جس سے معلوم ہوگا کہ آیا سرطان پھیل چکا ہے یا نہیں۔
ویٹیکن کی جانب سے بدھ کو جاری بیان میں ڈاکٹروں لوئیجی کاربونے اور اسٹیفانو مارگریتورا نے بتایا کہ خون کے ٹیسٹ اور سینے کے ایکسرے سے آپریشن کے بعد صحت یابی کی معمول کے مطابق صورت حال کی تصدیق ہوئی ہے۔ ان کے مطابق ٹیسٹوں کے نتائج اس نوعیت کے آپریشن کے بعد متوقع حدود میں ہیں۔
ڈاکٹروں کے مطابق 71 سالہ پوپ نے ناشتہ اور دوپہر کا کھانا کھایا، اپنے کمرے میں چہل قدمی کی اور سانس کی بحالی کے لیے فزیوتھراپی بھی کی۔
ویٹیکن کے مطابق سرطان کی رسولی ابتدائی مرحلے میں اور ایک محدود حصے تک موجود تھی، تاہم بیماری کی شدت اور اس کے پھیلاؤ سے متعلق حتمی صورت حال بایوپسی کے نتائج سامنے آنے کے بعد واضح ہوگی۔
پوپ لیو کی بیماری کی خبر سامنے آنے کے بعد دنیا بھر سے ان کی جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا گیا۔ برطانیہ کے بادشاہ چارلس سوم، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور آسٹریلیا کے وزیراعظم انتھونی البانیز نے بھی ان کی صحت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے بھی پوپ لیو چہاردہم کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت ان کے لیے نیک تمنائیں رکھتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسیحی برادری اور پوری قوم پوپ کی اچھی صحت کے لیے دعاگو ہے۔ انہوں نے پوپ کے امن، ہمدردی اور انسانی وقار کے پیغام کو سراہا۔
ویٹیکن کے مطابق پوپ کی صحت یابی میں تقریباً ایک ہفتہ لگ سکتا ہے، جبکہ ان کی تمام طے شدہ ملاقاتیں 20 اکتوبر تک منسوخ کردی گئی ہیں۔ ان کی آئندہ ماہ یوراگوئے، ارجنٹینا اور پیرو کے مجوزہ دورے کے بارے میں بھی سوالات اٹھ رہے ہیں۔
پوپ لیو چہاردہم 8 مئی 2025 کو منتخب ہونے والے پہلے امریکی پوپ ہیں۔ پھیپھڑے کے آپریشن کے بعد ان کی صحت کی صورت حال پر دنیا بھر میں نظر رکھی جارہی ہے، جبکہ بایوپسی رپورٹ ان کے علاج کے اگلے مراحل کے تعین میں اہم ہوگی۔