فرانس اب یوکرین کی مالی معاونت نہیں کر سکتا، صدارتی امیدوار

لی پین نے فرانس کے بجٹ خسارے اور کمزور معاشی نمو کو اس فیصلے کی بنیادی وجہ قرار دیا

فرانس کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت نیشنل ریلی کی صدارتی امیدوار میرین لی پین نے کہا ہے کہ فرانس کی موجودہ مالی صورتحال ایسی نہیں رہی کہ وہ یوکرین کو مزید مالی مدد فراہم کر سکے۔

انہوں نے فرانس کے بجٹ خسارے اور کمزور معاشی نمو کو اس فیصلے کی بنیادی وجہ قرار دیا۔

لی پین نے کہا کہ اگر وہ 2027 کے صدارتی انتخابات میں کامیاب ہوئیں تو ان کی حکومت یوکرین کی مالی امداد ختم کرے گی۔ ان کے مطابق انتخاب کے بعد ابتدائی چھ ماہ تک موجودہ امداد برقرار رکھی جا سکتی ہے تاکہ یوکرین کو اچانک مشکلات کا سامنا نہ ہو، لیکن اس کے بعد مالی معاونت روک دی جائے گی۔

ان کا کہنا ہے کہ فرانس پہلے ہی یوکرین کے لیے بہت بڑی مالی ذمہ داری قبول کر چکا ہے۔ انہوں نے یورپی یونین کے 90 ارب یورو کے قرض پیکیج کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس میں فرانس کا حصہ تقریباً 18 ارب یورو بنتا ہے، جو ان کے بقول فرانس کے لیے بہت بڑی رقم ہے۔

ان کا مؤقف ہے کہ فرانس محدود فوجی و آپریشنل تعاون جاری رکھ سکتا ہے، لیکن بڑے پیمانے پر مالی امداد اب برداشت نہیں کی جا سکتی۔

Load Next Story