امریکی کسان کا ریکارڈ ساز کدو، وزن تین ہزار 156 پاؤنڈ تک جاپہنچا
امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے ایک کسان نے ایسا دیوہیکل کدو اگایا ہے جس کا وزن تین ہزار 156 پاؤنڈ ریکارڈ کیا گیا۔ اس غیر معمولی وزن کے بعد کدو کے عالمی ریکارڈ قائم کرنے کا امکان پیدا ہوگیا ہے، تاہم گنیز ورلڈ ریکارڈز کی باضابطہ تصدیق ابھی باقی ہے۔
رہوڈ آئی لینڈ کے شہر کووینٹری سے تعلق رکھنے والے کسان رون ویلس اپنا کدو وارن میں منعقد ہونے والے سدرن نیو انگلینڈ جائنٹ پمپکن ویٹ آف مقابلے میں لائے، جہاں اس کا وزن کیا گیا۔ سرکاری مقابلے میں کدو کا وزن تین ہزار 156 پاؤنڈ نکلا، جس کے نتیجے میں یہ تین ہزار پاؤنڈ سے زیادہ وزن حاصل کرنے والا پہلا کدو بن گیا۔
اگر گنیز ورلڈ ریکارڈز اس وزن کی توثیق کردیتا ہے تو رون ویلس کا کدو دنیا کے سب سے بھاری کدو کا ریکارڈ اپنے نام کرلے گا۔ اس سے پہلے یہ اعزاز ایک ایسے کدو کے پاس تھا جس کا وزن 3 اکتوبر کو انگلینڈ کے علاقے برکشائر میں منعقدہ وارگریوو نرسری جائنٹ پمپکن ویٹ آف مقابلے میں دو ہزار 856.8 پاؤنڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
رون ویلس اس سے قبل بھی دیوہیکل کدو اگانے کے حوالے سے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر چکے ہیں۔ 2012 میں وہ دنیا کے پہلے ایسے کاشت کار بنے تھے جنہوں نے ایک ٹن سے زیادہ وزن کا کدو اگایا تھا۔ اب ان کی نئی پیداوار سابقہ ریکارڈ سے بھی کہیں زیادہ وزن کے باعث ایک بار پھر عالمی ریکارڈ کی دوڑ میں شامل ہوگئی ہے۔