کراچی: کینیڈا سے آئے میاں بیوی کی لاشیں ملنے کا معاملہ، گھر سے موبائل فون غائب ہونے کا انکشاف
نارتھ کراچی بی اماں پارک کے قریب گھر سے کینیڈا سے آئے ہوئے بزرگ میاں اور بیوی کی لاشیں ملنے کے واقعے کی تحقیقات کے دوران گھر سے ایک موبائل فون غائب ہونے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین یامین اور ان کی اہلیہ دونوں کے پاس موبائل فون تھے تاہم گھر سے صرف اہلیہ نفیس اختر کا موبائل فون گھر سے ملا جبکہ یامین کا موبائل فون غائب ہے جس کی پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔
پولیس کی جانب سے مقتولین کے گھر میں جاری مرمتی کام کے دوران آنے والے مزدورں اور دیگر کام کاج کے حوالے سے آئے افراد کی معلومات اور تفصیلات بھی حاصل کی جا رہی ہیں۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ آس پاس لگے سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ حاصل کی گئی، تاہم کسی بھی فوٹیج میں مقتولین کا گھر واضح طور پر دکھائی نہیں دیا گیا جبکہ پولیس مقتولین میاں اور بیوی کے رشتے داروں سے بھی معلومات حاصل کر رہی ہے۔
پولیس کو واقعے کا کوئی عینی شاہد بھی اب تک نہیں مل سکا اور نہ ہی کسی نے ان کے گھر میں کسی کو آتے جاتے بھی نہیں دیکھا ، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ اب تک دہرے قتل کی نوعیت کے بارے میں کچھ بھی حتمی طور پر نہیں کہا جاسکتا، تاہم پولیس کی جانب سے تفتیش کا عمل جاری ہے۔