کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 3 زخمیوں سمیت 4 ڈاکو گرفتار
فوٹو: فائل
شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے مبینہ مقابلوں کے دوران 3 زخمیوں سمیت 4 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ، موبائل فون، نقدی اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔
ترجمان کراچی پولیس کے مطابق درخشاں پولیس نے خیابان ہلال پر مبینہ مقابلے کے بعد زخمی سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کیا۔
زخمی ملزم کی شناخت جمیل احمد کے نام سے ہوئی، جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ دوسرے گرفتار ملزم اویس کو تھانے منتقل کیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون، نقد رقم اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔
دوسری جانب سپر مارکیٹ پولیس نے لیاقت آباد چونا ڈپو کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
چھیپا حکام کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت حارث اختر کے نام سے ہوئی جسے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فون اور نقد رقم برآمد ہوئی۔
ادھر بن قاسم پولیس نے پپری قبرستان کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا۔
پولیس کے مطابق زخمی ملزم کی شناخت حفیظ اللہ کے نام سے ہوئی جسے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ملزم کے قبضے سے اسلحہ اور موٹرسائیکل برآمد ہوئی۔