نارتھ کراچی میں قتل میاں بیوی سپردخاک، مقتولین کے بچے کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے

ابتدائی تفتیش میں یہ قتل جائیداد کا معاملہ یا ذاتی عناد کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے، پولیس

کراچی:

نارتھ کراچی میں کینیڈا سے آئے ہوئے مقتول عمر رسیدہ جوڑے کو مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا، مقتول جوڑے کے بچے کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے۔

ایدھی حکام کے مطابق مقتول میاں بیوی محمد یامین خان اور انکی اہلیہ نفیسہ اختر کی میتوں کو ایدھی سرد خانے سہراب گوٹھ سے اہلخانہ کے حوالے کیا گیا جہاں سے ان کی میتوں کو ان کی رہائش گاہ لے جایا گیا، نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد مقامی قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

ایس آئی او سر سید تھانہ خوش نواز پتافی نے بتایا کہ مقتولین کے بچے کینیڈا سے پاکستان پہنچ گئے ہیں۔ ان کے والدین کی تدفین کے بعد پولیس ان سے رجوع کرکے بیان ریکارڈ کرے گی۔ ابتدائی تفتیش میں یہ کیس ڈکیتی مزاحمت کا نہیں لگ رہا کیونکہ گھر میں لوٹ مار نہیں ہوئی۔

ابتدائی طور یہ قتل جائیداد کے معاملہ یا ذاتی عناد کے سبب کیا گیا ہے۔ مقتولین نے اپنا گھر اور دکانیں کرائے پر دی ہوئی تھیں جن کو خالی کرایا گیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ مقتول یامین کا ایک موبائل غائب ہے۔

پولیس پڑوسیوں، گھر میں کام کرنے والے مزدوروں اور دیگر رشتہ داروں کے بیانات ریکارڈ کرے گی۔ اطراف کے سی سی ٹی وی کیمروں کا ریکارڈ بھی نکالا جائے گا۔ اس کیس کو جلد حل کرنے کی کوشش کریں گے۔ مقتول میاں بیوی کے بچوں کے بیانات کی روشنی میں کیس کی تفتیش آگے بڑھائیں گے۔

Load Next Story