شاور پر جمے سفید دھبوں اور میل سے پریشان ہیں؟ سرکہ کام آسکتا ہے
باتھ روم میں لگے شاور اور نل مسلسل پانی کے استعمال کے باعث کچھ عرصے بعد اپنی چمک کھونے لگتے ہیں، جبکہ ان پر پانی کے سفید دھبے، میل اور بعض اوقات زنگ بھی جم جاتا ہے۔
ایسی صورتحال میں اکثر لوگ شاور یا نل تبدیل کرنے کا سوچتے ہیں، لیکن چند گھریلو طریقوں سے انہیں دوبارہ صاف اور چمکدار بنایا جا سکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ اس کیلئے کسی مہنگے کلینر کی ضرورت نہیں، بلکہ باورچی خانے میں موجود سفید سرکہ بھی کام آسکتا ہے۔
شاور اور نل صاف کرنے کا طریقہ
سب سے پہلے تھوڑی مقدار میں سفید سرکہ لیں اور اسے ایک پلاسٹک کی تھیلی میں ڈال دیں۔ اب تھیلی کو شاور کے سرے کے گرد اس طرح باندھیں کہ پانی نکلنے والا حصہ سرکے میں ڈوبا رہے۔
تقریباً ایک گھنٹے بعد تھیلی اتار کر شاور کو صاف پانی سے اچھی طرح دھو لیں اور نرم کپڑے سے خشک کر لیں۔
اسی طرح سرکے سے نم کپڑے کی مدد سے مناسب دھاتی نلوں پر جمع پانی کے دھبے بھی صاف کیے جا سکتے ہیں۔
سفید سرکہ کیسے کام کرتا ہے؟
سفید سرکے میں موجود ایسیٹک ایسڈ پانی سے بننے والی معدنی تہہ اور سفید دھبوں کو نرم کرنے میں مدد دیتا ہے، جس سے صفائی آسان ہو جاتی ہے مگر سرکہ ہر قسم کے زنگ کو مکمل طور پر ختم نہیں کر سکتا۔
ضروری احتیاط
سرکہ استعمال کرنے سے پہلے نل اور شاور کی دھاتی سطح کی نوعیت ضرور دیکھیں، کیونکہ بعض خصوصی کوٹنگز، قدرتی پتھر اور حساس سطحیں تیزابی محلول سے خراب ہو سکتی ہیں۔
سرکے کو بلیچ کے ساتھ ہرگز نہ ملائیں، اور صفائی کے بعد شاور کو اچھی طرح دھو کر خشک کریں۔