’پورا سافٹ ویئر ہینگ ہوچکا ہے‘، دھروو راٹھی کا ارنب گوسوامی پر طنز

ارنب شدید صدمے کی کیفیت میں ہیں اور ان کا پورا سافٹ ویئر ہینگ ہوگیا ہے، دھروو راٹھی

بھارتی یوٹیوبر دھروو راٹھی نے ٹی وی اینکر ارنب گوسوامی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ان پر طنزیہ جملوں کی بوچھاڑ کردی۔

سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں دھروو نے ارنب کے رویے کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور انہیں ایسا شخص قرار دیا جسے ذہنی علاج کی ضرورت ہے۔ ان کے تبصروں نے سوشل میڈیا پر ایک نئی بحث چھیڑ دی ہے۔

ارنب گوسوامی کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے دھروو راٹھی نے دعویٰ کیا کہ بھارتی پاسپورٹ دنیا کو دکھانے کے بعد سے ارنب شدید صدمے کی کیفیت میں ہیں اور ان کا پورا سافٹ ویئر ہینگ ہوگیا ہے۔ یوٹیوبر کے بقول، ارنب پہلے ’ڈرگز‘ کا معاملہ اٹھا رہے تھے، لیکن اب ان کی گفتگو جرمنی کے گرد گھومنے لگی ہے۔

یوٹیوبر نے ’گودی میڈیا‘ کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر انہیں کسی کو بدنام کرنا ہے تو کم از کم کوئی نئی کہانی اور مختلف طریقہ اختیار کریں، کیونکہ اس کام کے لیے بھی محنت کرنا پڑتی ہے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل 10 اکتوبر کو بھارتی پولیس نے دھروو راٹھی کو گروگرام کے سیکٹر 56 میں واقع ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق، وہ جنتر منتر پر سی جے پی کے احتجاج میں شرکت کے لیے جانے کی تیاری کررہے تھے۔ انہیں تقریباً 22 گھنٹے حراست میں رکھنے کے بعد رہا کردیا گیا تھا۔

Load Next Story