این سی سی آئی اے نے پنجاب پولیس سے 300 افسران و اہلکار مانگ لیے

30 ڈی ایس پیز، 30 انسپکٹرز، 115 سب انسپکٹرز،25 اے ایس آئی، 100 ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز مانگے گئے ہیں

لاہور:

نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی نے پنجاب پولیس سے 300 افسران و اہلکار مانگ لیے۔

اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کی منظوری کے بعد آئی جی پنجاب کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔

مراسلے کے مطابق این سی سی آئی اے نے پنجاب پولیس سے 30 ڈی ایس پیز، 30 انسپکٹرز، 115 سب انسپکٹرز 25 اے ایس آئیز اور 100 ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز مانگے ہیں، 107 افسران و اہلکاروں کی ناموں کے ساتھ فہرست این سی سی آئی اے کو بھجوادی گئی ہے، این سی سی آئی اے نے مزید 193 افسران و اہلکار ڈیپوٹیشن پر جلد از جلد بھجوانے کی درخواست کی ہے۔

مراسلے کے مطابق این سی سی آئی اے میں ڈیپوٹیشن پر جانے کے لیے مرد و خواتین پولیس افسران و اہلکار اہل ہیں، ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے لیے امیدواروں کی عمر 48 سال سے کم ہو، خواہش مند اہلکاروں کے لیے جسمانی طور پر فٹ ہونا لازمی ہے، پنجاب پولیس کے اہلکاروں کے لیے کم از کم تعلیمی قابلیت بی اے یا آئی سی ایس ہو۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ این سی سی آئی اے میں تعیناتی کے لیے ایماندار اور اے گریڈ ریکارڈ کے حامل افسران و اہلکاروں ہونے چاہئیں، سنگین سزا، جاری انکوائری یا فوج داری مقدمے کا سامنا کرنے والے اہلکار ڈیپوٹیشن کے معیار پر پورا نہیں اتریں گے۔

Load Next Story