برطانیہ؛ کوکین کے نشے میں سڑک پر بے سدھ پڑی ابوظہبی کی شاہی خاندان کی خاتون کو سزا
کوکین کے نشے میں سڑک پر بے ہوش اماراتی شاہی خاندان کی خاتون کو سزا
لندن کی عدالت نے کوکین کے نشے میں بے ہوش ہوکر سڑک پر گرنے اور تین سالہ بچے کو خطرے میں چھوڑنے کے جرم میں ابوظبی کے شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والی 32 سالہ مہرہ النہیان کو سزا سنا دی۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مہرہ النہیان نے منگل کو ساؤتھ وارک کراؤن کورٹ میں بچے کی غفلت سے دیکھ بھال کے ایک الزام کا اعتراف کیا۔
عدالتی کارروائی کے مطابق رواں سال جون میں مغربی لندن کی ایک سڑک پر مہرہ النہیان کو کوکین کے استعمال کے بعد بے ہوشی کی حالت میں پایا گیا تھا۔
اُس وقت ان کا تین سالہ بچہ بغیر نگرانی کے ننگے پاؤں سڑک کے قریب ٹریفک کے درمیان کھیل رہا تھا جبکہ ایک شخص بھی ان کے ساتھ بے ہوش پڑا تھا۔
رپورٹ کے مطابق راہ گیروں نے پولیس کی آمد تک بچے کی دیکھ بھال کی۔ پولیس کو موقع سے منشیات کے استعمال سے متعلق اشیا ملیں تاہم کوئی غیر قانونی منشیات برآمد نہیں ہوئیں۔
اس بچے کا مہرہ النہیان سے تعلق ظاہر نہیں کیا گیا۔
مہرہ النہیان ابوظہبی کے حکمران النہیان خاندان سے شادی کے ذریعے تعلق رکھتی ہیں۔ عدالتی کارروائی میں بتایا گیا کہ انہیں ماہانہ 8 ہزار یورو وظیفہ بھی ملتا ہے۔
مہرہ نے منشیات کی لت کے علاج کے لیے برطانیہ کے پریوری کلینک میں داخلہ لیا تھا۔ ان کے وکیل اسٹیفن ولو کے مطابق وہ اپنی غلطی پر نادم ہیں اور نشے کی عادت پر قابو پانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
عدالت نے انہیں دو سالہ کمیونٹی آرڈر کے ساتھ بحالی اور علاج کی شرط عائد کی جبکہ 8 ہزار ڈالر جرمانہ بھی کیا۔
ان کے وکلا کے مطابق وہ تین ماہ کا علاج مکمل کرنے کے بعد بھی منشیات سے چھٹکارے کے لیے معاون پروگرام میں شرکت جاری رکھنا چاہتی ہیں۔
لندن کی عدالت نے ابوظبی کے شاہی خاندان سے شادی کے ذریعے تعلق رکھنے والی مہرہ النہیان کو بچے کی غفلت سے دیکھ بھال کے اعتراف پر سزا اور جرمانہ کردیا۔
اس حوالے سے متحدہ عرب امارات کی جانب سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے۔