کراچی: اورنگی ٹاؤن اور عزیز آباد میں گھروں سے 2 افراد کی چند روز پرانی لاشیں برآمد
(فوٹو: فائل)
اورنگی ٹاؤن اور عزیز آباد میں گھروں سے 2 افراد کی لاشیں ملیں ، دونوں لاشیں چند روز پرانی ہیں ، فوری طور پر وجہ ہلاکت کا تعین نہیں ہوسکا۔
تفصیلات کے مطابق اورنگی ٹاؤن رحیم شاہ کالونی سیکٹر 11 میں مسجد سے ملحقہ گھر کے واش روم سے ضعیف العمر شخص کی تعفن زدہ لاش ملی جس کی اطلاع پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد حاصل کرنے کے بعد متوفی کی لاش عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ایس ایچ او مومن آباد شہباز یوسف نے بتایا کہ متوفی کی شناخت 72 سالہ اختر حسین کے نام سے کی گئی جو کہ ایک چھوٹے سے گھر میں اکیلا رہائش پذیر تھا ، متوفی کی لاش 2 دن پرانی ہے جبکہ لاش کا پتہ اس وقت چلا جب متوفی کا بھائی اس سے ملنے آیا تو دورازہ کھٹکھٹانے پر جب نہیں کھلا تو مدد گار 15 پولیس کو اطلاع دی گئی۔
انھوں نے بتایا متوفی بیمار بھی تھا اور ابتدائی تحقیقات میں شبہ ہے کہ واقعہ طبعی ہلاکت کی وجہ سے پیش آیا ہے، تاہم پولیس مزید چھان بین کر رہی ہے۔
دوسری جانب عزیز آباد کے فیڈرل بی ایریا سے بھی ایک شخص کی لاش ملی جو پراسرار طور پر جاں بحق ہوگیا ، اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش ایدھی کے رضا کاروں کی مدد سے عباسی شہید اسپتال پہنچائی۔
ریسیکو حکام کا کہنا ہے کہ متوفی کی لاش 3 سے 4 دن پرانی بتائی جاتی ہے جبکہ متوفی گھر پر اکیلا رہائش پذیر تھا ، تعفن اٹھنے پر علاقے مکینوں نے پولیس کو اطلاع دی، تاہم فوری طور پر وجہ موت کا تعین نہیں ہوسکا اور اس حوالے سے پولیس مزید تحقیقات کر رہی ہے۔