لاہور: خود کو سرکاری افسر ظاہر کرنے والا ملزم پولیس حراست میں دورانِ علاج جاں بحق
لاہور میں جنوبی چھاؤنی پولیس کی حراست میں موجود عثمان نامی ملزم طبیعت خراب ہونے کے بعد اسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گیا۔
پولیس کے مطابق عثمان کو مشکوک جان کر چیک کیا گیا تو اس نے اپنی اصل شناخت چھپاتے ہوئے خود کو سرکاری افسر ظاہر کیا۔ ثبوت کی عدم دستیابی پر پولیس نے اس کے خلاف تعزیراتِ پاکستان کی دفعات 419 اور 186 کے تحت مقدمہ درج کیا۔ ایف آئی آر کی تکمیل کے مراحل کے دوران ملزم کی طبیعت اچانک بگڑ گئی۔
ملزم کو ریسکیو 1122 کے ذریعے پنجاب انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے تقریباً 50 منٹ تک طبی امداد فراہم کی، تاہم دورانِ علاج حرکتِ قلب بند ہونے سے اس کی موت ہوگئی۔
ترجمان ڈی آئی جی آپریشنز کے مطابق ملزم کا پوسٹ مارٹم کرایا جائے گا اور معاملے کی شفاف تحقیقات کے لیے جوڈیشل انکوائری کی سفارش کی جائے گی۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس ایس پی آپریشنز کو مکمل انکوائری کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔