سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مزید بہتر بنانے کیلئے بسوں کی کھیپ نومبر تک کراچی پہنچ جائے گی

سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن کی شنگھائی میں بس مینوفیکچرنگ کمپنیز کے حکام سے ملاقاتیں

کراچی:

سندھ میں پبلک ٹرانسپورٹ کو مزید بہتر اور جدید بنانے کے لیے بسوں کی کھیپ نومبر تک کراچی پہنچ جائے گی۔

محکمہ اطلاعات سندھ کے اعلامیہ کے مطابق سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے شنگھائی میں بس مینوفیکچرنگ کمپنیز کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر یوٹونگ بس مینوفیکچرر کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مسٹر رابن شین نے شرجیل انعام میمن سے ملاقات کی اور کمپنی کی جانب سے سندھ میں الیکٹرک بسیں متعارف کرانے کے لیے تعاون اور معاونت کی پیشکش کی۔

شرجیل انعام میمن نے ہائیگر بس کمپنی کے نائب صدر لیو ژینگ سے بھی ملاقات کی اور کراچی میں ڈبل ڈیکر بسوں کو فعال بنانے کے لیے ان کی فراہمی کا عمل تیز کرنے پر زور دیا، جس پر کمپنی نمائندوں نے بسوں کی پہلی کھیپ نومبر 2026 میں فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

ملاقاتوں کے دوران گرین انرجی اور سندھ کے ٹرانسپورٹ نظام کو مزید مؤثر، متحرک اور جدید بنانے کے لیے مختلف تجاویز پر بھی تبادلۂ خیال کیا گیا۔ ملاقاتوں میں سیکریٹری پی اینڈ ڈی نجم شاہ، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ اسد ضامن اور دیگر حکام بھی شریک تھے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ حکومتِ سندھ کراچی سمیت پورے سندھ میں ٹرانسپورٹ نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد اقدامات پر کام کر رہی ہے۔ بی آر ٹی کی مختلف لائنوں کو فعال اور آپریشنل بنانا اور عوام کو جدید، مؤثر اور معیاری سفری سہولیات فراہم کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔

Load Next Story