پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی سیریز کی ٹرافی کی رونمائی کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق سہ ملکی سیریز کا آغاز اتوار سے پاکستان اور سری لنکا کے درمیان راولپنڈی میں ہونے والے میچ سے ہوگا۔
سیریز میں مجموعی طور سات میچز کھیلے جائیں گے جن میں تین راولپنڈی اور فائنل سمیت چار میچز لاہور میں شیڈول ہیں۔ تمام میچز دوپہر ایک بجے شروع ہوں گے۔
ٹرافی کی رونمائی کے موقع پر تینوں کپتانوں نے الگ الگ پریس کانفرنسز بھی کیں۔
قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان شاہین آفریدی نے کہا کہ انگلینڈ اور سری لنکا کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔
شاہین آفریدی نے کہا کہ اصل ہدف یہ سیریز جیتنا ہے اپنی حکمت عملی بنا لی ہے، اس سیریز سے ورلڈ کپ اسکواڈ بنانے میں بھی مدد ملے گی۔
انہوں نے تجربہ کار بلے باز بابر اعظم کو ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ٹیم میں اتحاد ہے، سلمان علی آغا کی پرفارمنس بھی بہترین جا رہی ہے، انہوں نے حال ہی میں فرسٹ کلاس کرکٹ میں ٹرپل سنچری اسکور کی ہے۔
https://www.youtube.com/live/U4RhENBHidE?si=pShCkB88pr5t30tt
سری لنکن ٹیم کے کپتان کوشال مینڈس کا کہنا تھا کہ ٹی ٹوئنٹی سیریز سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کوئی ٹیم فیورٹ نہیں ہوتی جو ٹیم اچھا کھیلے گی وہی جیتے گی۔
انگلینڈ کے کپتان ہیری بروک نے کہا پاکستان میں کرکٹ کھیلنا چیلنجنگ ہوتا ہے، یہاں کھیلتے ہوئے مجھے زیادہ اعتماد محسوس ہوتا ہے۔
ہیری بروک کا کہنا تھا کہ میں نے 22 سال کی عمر میں پاکستان سپر لیگ کھیلی تھی۔ پی ایس ایل کھیلنے سے انٹرنیشنل کرکٹ میں بہت مدد ملی۔
انہوں نے مزید کہا کہ ورلڈکپ سے قبل زیادہ سے زیادہ میچز کھیلنے کا فائدہ ہوگا۔