اسلام آباد میں ڈبلیو 15 ورلڈ ویمنز ٹینس چیمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر

فرانس کی آسٹرڈ سیروٹ نے ویمنز سنگلز جبکہ تھائی لینڈ اور چین کی جوڑی نے ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا

اسلام آباد میں ڈبلیو 15 ورلڈ ویمنز ٹینس چیمپئن شپ کا دوسرا مرحلہ اختتام پذیر ہوگیا۔ فرانس کی آسٹرڈ سیروٹ نے ویمنز سنگلز جبکہ تھائی لینڈ اور چین کی جوڑی نے ویمنز ڈبلز کا ٹائٹل جیت لیا۔

اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹینس فیڈریشن کے صدر اعصام الحق قریشی نے کہا کہ پاکستان میں پہلی بار 15 ہزار ڈالر کی انعامی رقم پر مشتمل انٹرنیشنل ٹینس ٹورنامنٹ منعقد ہوا۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو پاکستان بلانے کا مقصد انہیں ملک دکھانا اور دنیا کو یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان ایک پُرامن ملک ہے۔ انہوں نے کہا کہ رواں سال فیڈریشن نے 14 ٹینس ٹورنامنٹس منعقد کرائے ہیں اور مستقبل میں مزید بین الاقوامی مقابلے کرانے کا منصوبہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کرکٹ کی طرح دیگر کھیلوں کو بھی سپورٹ کیا جانا چاہیے۔

جنید فیملی فاؤنڈیشن کے چیئرمین انصر جنید نے کہا کہ چیمپئن شپ سے خواتین کی ٹینس کو فروغ ملا ہے اور شریک کھلاڑیوں نے بہترین کھیل پیش کیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئندہ نسل ٹینس میں پاکستان کے لیے نمایاں کامیابیاں حاصل کرے گی۔

ڈبلز فائنل میں تھائی لینڈ کی کامونوان یوڈپیچ اور چین کی رو شی وو نے جرمنی اور ازبکستان کی جوڑی کو ہرایا۔ ٹورنامنٹ میں 17 ممالک کی 31 خواتین کھلاڑیوں نے شرکت کی۔ اختتامی تقریب میں چیمپئنز اور رنرز اپ میں انعامات تقسیم کیے گئے۔

 

Load Next Story