بلوچستان: نصیرآباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ، دو پولیس اہلکار شہید
فوٹو: فائل
بلوچستان کے ضلع نصیرآباد میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے اور ملزمان شہید اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے جبکہ واقعے کے خلاف شہید اہلکاروں کے ورثا نے لاشوں کے ہمراہ احتجاج کرتے ہوئے سندھ بلوچستان قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے بند کردیا۔
پولیس حکام کے مطابق واقعہ بیدار پل کے مقام پر پیش آیا جہاں موٹر سائیکل پر گشت کرنے والے پولیس اہلکاروں پر نامعلوم مسلح افراد نے اچانک فائرنگ کردی اور فائرنگ کے نتیجے میں دو ہیڈ کانسٹیبل موقع پر شہید ہوگئے۔
حکام نے بتایا کہ شہید اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل مالک بگٹی اور احمد لاشاری کے نام سے ہوئی ہے۔
ڈی ایس پی غلام سرور مینگل نے بتایا کہ فائرنگ کے بعد ملزمان شہید اہلکاروں کا سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے تاہم واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور سیکیورٹی فورسز نے علاقے کی ناکہ بندی کردی۔
ان کا کہنا تھا کہ ملزمان کی تلاش اور واقعے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
دوسری جانب شہید پولیس اہلکاروں کے ورثا نے لاشوں کے ہمراہ پٹ فیڈر پل کے مقام پر احتجاجی دھرنا دے دیا، جس کے باعث سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پر ٹریفک کی آمدورفت معطل ہوگئی اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کردی گئی ہے جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی کی تیاریاں جاری ہیں۔