ایف بی آر کی تنظیم نو کے خلاف ہڑتال کی کال واپس، افسران پیر کو معمول کے مطابق کام کریں گے
فوٹو: فائل
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی ان لینڈ ریونیو سروس آفیسرز ایسوسی ایشن (آئی آر ایس او اے) نے ادارے کی مجوزہ تنظیم نو کے خلاف پیر 19 اکتوبر کو دی جانے والی قلم چھوڑ ہڑتال کی کال واپس لے لی ہے جس کے بعد ایف بی آر ہیڈکوارٹرز اور فیلڈ فارمیشنز میں تمام افسران معمول کے مطابق فرائض انجام دیں گے۔
ایسوسی ایشن نے گزشتہ رات گئے جاری اعلامیے میں ہڑتال کی کال واپس لینے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ایف بی آر کی مجوزہ تنظیم نو سے متعلق گردش کرنے والے بیانات ابتدائی مشاورت کے دوران سامنے آنے والی اطلاعات کی عکاسی کرتے تھے تاہم انہیں حتمی شکل نہیں دی گئی تھی۔
اعلامیے کے مطابق ایف بی آر کی اعلیٰ قیادت نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ان لینڈ ریونیو سروس کے مفادات کو اولین ترجیح دی جائے گی اور اصلاحاتی عمل کے دوران ان کا مکمل تحفظ یقینی بنایا جائے گا۔
آئی آر ایس او اے نے اعلیٰ قیادت کی یقین دہانی پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسوسی ایشن ان لینڈ ریونیو سروس اور قومی خزانے کے وسیع تر مفاد میں ایف بی آر کے ساتھ تعمیری بات چیت کا سلسلہ جاری رکھنے کی خواہاں ہے۔
دوسری جانب ذرائع کا کہنا ہے کہ ایف بی آر انتظامیہ اور حکومت کے شدید دباؤ کے باعث ایسوسی ایشن نے ہڑتال کی کال واپس لی ہے، تاہم ایسوسی ایشن کے باضابطہ اعلامیے میں فیصلے کی وجہ اعلیٰ قیادت کی یقین دہانی اور مجوزہ تنظیم نو سے متعلق بیانات کی وضاحت کو قرار دیا گیا ہے۔