کراچی: رینجرز اور پولیس کا مشترکہ آپریشن، بین الصوبائی گینگ کے 5 انسانی اسمگلر گرفتار
فائل فوٹو
پاکستان رینجرز (سندھ) اور ضلع ویسٹ پولیس نے سرجانی میں مشترکہ آپریشن کرتے ہوئے بین الصوبائی گینگ کے 5 انسانی اسمگلروں کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان کی شناخت عبدالعزیز بروہی، محمد بخش دشتی، علی حسن بروہی، ندیم بروہی اور جمیل بروہی کے نام سے ہوئی جو غیر قانونی افغانی باشندوں یار محمد اور رسول خان کو کراچی منتقل کر رہے تھے۔
گرفتار ملزمان سے اسلحہ و منشیات کے علاوہ غیرقانونی انسانی اسمگلنگ کے لئے استعمال ہونے والی سوزکی لوڈر گاڑی بھی برآمد کر لی گئی، ملزمان غیر قانونی اسمگلنگ کے ساتھ ساتھ اسلحہ و منشیات کے کاروبار میں بھی ملوث ہیں، گرفتار ملزمان افغان باشندوں کو حب میں واقع مختلف ہوٹلز اور گھروں میں عارضی رہائش فراہم کرتے ہیں۔
ملزمان غیر قانونی باشندوں کو منتقلی کے دوران گائیڈز کا استعمال کرتے تھے اور سیکیورٹی اداروں کی گرفتاری سے بچنے کے لئے منگھو پیر، بند مراد، سرجانی اور نادرن بائی پاس اور ملحقہ کچے راستوں کا استعمال کرتے تھے۔
ملزمان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ ایک فیملی کے عوض تقریباً 2 لاکھ روپے تک رقم وصول کرتے تھے، ملزمان نے مزید انکشاف کیا کہ غیر قانونی افغان باشندوں کی کراچی کی منتقلی کے لئے چھوٹی گاڑیوں کے علاوہ موٹر سائیکلوں کا استعمال بھی کرتے رہے ہیں، گزشتہ ایک ماہ کے دوران ملزمان نے تقریبا 230 غیرقانونی افغان باشندوں کو کراچی کے مختلف علاقوں میں منتقل کیا۔
اسی طرح کا ایک گروہ حالیہ دہشت گردی کے حملوں میں ملوث ملزمان کی بلوچستان سے کراچی نقل وحمل میں ملوث تھا۔ جس نے دہشت گرد حملے میں ملوث ملزمان کو خفیہ راستوں سے کراچی منتقلی کے لئے معاونت فراہم کی تھی، ملزمان کے دیگرساتھیوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔