نیشنل بینک کا اپنی ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم دوبارہ قائم کرنے کا فیصلہ
پاکستان میں قومی کھیل ہاکی کی بحالی کی کوششوں میں ایک بڑی پیشرفت سامنے آئی ہے، نیشنل بینک آف پاکستان نے اپنی ڈیپارٹمنٹل ہاکی ٹیم دوبارہ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔
اس قدم کو قومی کھیل کی ادارہ جاتی سرپرستی کی بحالی کی جانب اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ فیصلہ پاکستان کی ہاکی برادری، بالخصوص ان باصلاحیت اور جوان کھلاڑیوں کے لیے انتہائی خوش آئند ہے جو روزگار کے پائیدار مواقع اور اعلیٰ سطح پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے لیے پلیٹ فارم کے منتظر تھے۔
کھلاڑیوں کی بھرتی کا عمل فوری طور پر شروع کیا جا رہا ہے جبکہ نیشنل بینک کی ہاکی ٹیم آنے والے قومی کھیلوں (نیشنل گیمز) میں بھی حصہ لے گی۔
پاکستان ہاکی فیڈریشن نے اس مثبت اقدام کا پرجوش خیرمقدم کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا ہے کہ ایک بڑے قومی ادارے کی ڈیپارٹمنٹل ہاکی میں واپسی سے ملکی ہاکی کے ڈھانچے کو استحکام ملے گا اور کھلاڑیوں کے لیے روزگار کے مواقع پیدا ہوں گے۔
صدر پاکستان ہاکی فیڈریشن محی الدین احمد وانی نے اس فیصلے کو پاکستان ہاکی کے مستقبل کے لیے ایک مثبت اور بر وقت قدم قرار دیا۔ انہوں نے ہاکی کے فروغ اور کھلاڑیوں کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے پر نیشنل بینک آف پاکستان کی قیادت کا شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ڈیپارٹمنٹل ہاکی کی بحالی کھلاڑیوں کے مالی تحفظ، قومی سطح پر مقابلے کی فضا کو مضبوط بنانے اور مستقبل کے قومی کھلاڑیوں کی تیاری کے لیے بے حد ضروری ہے۔