جنوبی کوریا: چھپکلی کو کھانا کھلانے کے لیے پوسٹ چھوڑنے والا فوجی معطل
جنوبی کوریا میں ایک فوجی افسر کو عجیب بو غریب وجوہات کی بنا پر بغیر اجازت بار بار فوجی پوسٹ چھوڑنے اور ماتحت اہلکاروں کی چھٹیوں کی درخواستوں میں تاخیر کرنے پر دو ماہ کے لیے معطل کر دیا گیا۔ معطلی کے خلاف دائر مقدمے میں بھی اسے ناکامی ہوئی ہے۔
بوسان ڈسٹرکٹ کورٹ نے جمعرات کو افسر کی جانب سے اپنے یونٹ کمانڈر کے خلاف دائر درخواست مسترد کر دی، جس میں اس نے دو ماہ کی معطلی ختم کرنے کی استدعا کی تھی۔
عدالتی ریکارڈ کے مطابق مذکورہ افسر نے 10 ماہ کے دوران دفتری اوقات میں ہفتے کے کام کے دنوں میں 64 مرتبہ اجازت لیے بغیر فوجی اڈہ چھوڑا۔ اس نے نہ تو چھٹی کی درخواست دی اور نہ ہی اپنے کمانڈر کو روانگی سے آگاہ کیا۔
گارڈ کمانڈر نے عدالت کو بتایا کہ افسر فوجی اڈے سے جانے کے لیے مختلف وجوہات پیش کرتا تھا، جن میں اپنی چھپکلی کو کھانا کھلانا اور گاڑی دھونا شامل تھیں۔
عدالتتی ریکارڈ کے مطابق افسر نے اکتوبر 2023 سے نومبر 2024 کے درمیان 26 فوجیوں کی جانب سے باہر جانے، رات باہر گزارنے اور چھٹیوں کے لیے دی گئی 698 درخواستوں کی منظوری میں تاخیر کی۔
درخواستوں کی منظوری میں تاخیر کے باعث فوجی اہلکار فوج کی جانب سے فراہم کردہ ٹرین ٹکٹوں کی سہولت حاصل نہ کر سکے، جس کے نتیجے میں انہیں سفری اخراجات اپنی جیب سے ادا کرنا پڑے۔
عدالت نے افسر کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اس کی دو ماہ کی معطلی برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا۔