پشاور میں گیس کنکشن کاٹنے کے تنازع پر ہمسائیوں کی فائرنگ، ایک بھائی قتل دوسرا زخمی

پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی

فوٹو- فائل

پشاور:

پشاور کے علاقے پشتخرہ میں گیس کنکشن کاٹنے کے تنازع پر ہمسائیوں کی فائرنگ اور تشدد سے ایک بھائی قتل دوسرا زخمی ہوگیا۔

تھانہ پشتخرہ پولیس کو مدعی شمس الدین خان ولد مسلم خان سکنہ نودیہہ بالا نے بتایاکہ وہ اپنے 30سالہ بھائی صلاح الدین کے ساتھ علاقے میں موجود تھااس دوران مسلح ملزمان نے آکر ان کے ساتھ تلخ کلامی شروع کردی اور ان پر پستول کے بٹوں سے وار کیے جس سے وہ دونوں سر پر شدید زخمی ہوئے۔

دوملزموں نے اپنے پستولوں سے ان پر فائرنگ بھی شروع کردی جس سے بھائی صلاح الدین اور وہ شدید زخمی ہوگیا ۔انہیں طبی امداد کیلئے ہمسائیوں نے ہسپتال منتقل کیا تاہم بھائی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

انہوں نے قتل اور اقدام قتل کی دعویداری اسرارالدین، کفایت اور راحت شاہ پر کی اور بتایاکہ وجہ عنادیہ ہے کہ ملزمان انہیں گیس کنیکشن کاٹنے سے منع کررہے تھے۔ پولیس نے ملزموں کے خلاف مقدمہ درج کرکے ان کی گرفتاری کیلئے کارروائی شروع کردی ہے ۔

Load Next Story