مشہور ریسلر کی اچانک موت کی وجہ سامنے آگئی

ریسلر 27 ستمبر کو سہ پہر تقریباً 4 بجے امریکی ریاست الینوائے میں ایک کرائے کی گاڑی میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے

پیشہ ورانہ ریسلنگ میں پی اے سی (PAC) کے نام سے مشہور بینجمن سیٹرلی کی اچانک اور افسوسناک موت کی وجہ قدرتی قرار دی گئی ہے۔

کک کاؤنٹی میڈیکل ایگزامینر کے دفتر کے ترجمان نے کیلیفورنیا پوسٹ کو بتایا کہ 40 سالہ سیٹرلی کی موت برونکائیل دمے (Bronchial Asthma) کے باعث ہوئی۔

یہ سانس کی ایک دائمی بیماری ہے جس میں پھیپھڑوں کی سانس کی نالیاں سوجن کا شکار ہو جاتی ہیں، سکڑ جاتی ہیں اور ان میں اضافی بلغم پیدا ہونے لگتا ہے جس کے باعث معمول کے مطابق سانس لینا مشکل ہو جاتا ہے۔

بینجمن سیٹرلی 27 ستمبر کو سہ پہر تقریباً 4 بجے امریکی ریاست الینوائے میں ایک کرائے کی گاڑی میں بے ہوشی کی حالت میں پائے گئے۔

ایمرجنسی سروسز پر کال کرنے والی ایک خاتون نے بتایا کہ انہوں نے سیٹرلی کو بے ہوش پڑے ہوئے دیکھا تھا۔ حکام جائے وقوعہ پر پہنچنے کے چند منٹ بعد ہی انہیں مردہ قرار دے چکے تھے۔

ابتدائی امدادی کارروائیوں میں شامل اہلکاروں نے اپنی رپورٹ میں بتایا کہ سیٹرلی کے جسم پر کسی قسم کی چوٹ یا کوئی مشکوک نشان موجود نہیں تھا۔

Load Next Story