عامر لیاقت نازیبا ویڈیو کیس؛ ملزمہ دانیہ شاہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری

ملزمہ کی طبیعت ناساز ہے، آئندہ سماعت سے قبل پیش کردیا جائے گا، عدالت نے وکیل کی استدعا مسترد کردی

دانیہ نے ٹوئٹر اکاؤنٹ بحال کرلیا، فوٹو: فائل

کراچی:

عامر لیاقت نازیبا ویڈیو کیس میں ملزمہ دانیہ شاہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کردیے گئے۔

جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے مرحوم ڈاکٹر عامر لیاقت کی نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے مقدمے میں ملزمہ دانیہ شاہ کے ناقابلِ ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں۔

دوران سماعت ملزمہ کے وکیل لیاقت گبول ایڈووکیٹ نے موقف اختیار کیا کہ دانیہ شاہ کی طبیعت ناساز ہے جس کی وجہ سے وہ پیش نہیں ہو سکتی۔ انہوں نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ ملزمہ کو آئندہ سماعت سے قبل پیش کر دیا جائے گا۔

عدالت نے سماعت کے دوران ملزمہ دانیہ شاہ کی جانب سے دائر کردہ حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کو مسترد کر دیا۔ عدالت نے عدم حاضری پر برہمی ظاہر کرتے ہوئے پولیس کو حکم دیا کہ ملزمہ کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔

بعد ازاں کیس کی سماعت 28 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔

واضح رہے کہ ملزمہ دانیہ شاہ کے خلاف مرحوم عامر لیاقت علی خان کی بیٹی کی مدعیت میں سائبر کرائم نے نازیبا ویڈیوز وائرل کرنے کے الزام میں مقدمہ درج کیا تھا، جس پر عدالت میں قانونی کارروائی جاری ہے۔

Load Next Story