ناہیدہ اختر بنگلا دیش ویمنز ٹی 20 ٹیم کی نئی کپتان مقرر

وہ نگار سلطانہ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جنہوں نے قیادت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا

بنگلا دیش نے لیفٹ آرم اسپنر ناہیدہ اختر کو ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل ٹیم کی نئی کپتان مقرر کردیا۔ وہ نگار سلطانہ کی جگہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی، جنہوں نے قیادت سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا، ناہیدہ ایک سال تک ٹیم کی کپتانی کریں گی۔

نگار سلطانہ نے 82 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بنگلا دیش کی قیادت کی اور ان کی کپتانی میں ٹیم نے 32 فتوحات حاصل کیں۔ تاہم ایشیا کپ اور ایشین گیمز میں مایوس کن نتائج کے بعد انہوں نے عہدہ چھوڑ دیا۔

مڈل آرڈر بیٹر شوبھنا کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔ وہ حال ہی میں آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں تاریخی سنچری بنا کر نمایاں ہوئی تھیں۔

25 سالہ ناہیدہ اختر نے ستمبر 2015 میں بین الاقوامی کرکٹ میں قدم رکھا تھا۔ وہ بنگلا دیش کی ویمنز ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والی بولر ہیں۔

انہوں نے 17.38 کی اوسط سے 132 وکٹیں حاصل کی ہیں جبکہ ان کی بہترین بولنگ 8 رنز کے عوض 5 وکٹیں ہے۔ ون ڈے انٹرنیشنل میں بھی ان کے نام 81 وکٹیں ہیں۔

 

Load Next Story