رات کو نوڈلز کھانے والے ایک ہی خاندان کے پانچ افراد کی پراسرار موت

پانچوں افراد کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں

(فوٹو: اے آئی)

بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر گریٹر نوئیڈا میں ایک خاندان کے پانچ افراد کی پراسرار موت نے تشویش پیدا کردی ہے۔ مرنے والوں میں میاں بیوی اور ان کے تین بچے شامل ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق، خاندان نے جمعہ کی رات نوڈلز کھائے تھے، جس کے بعد ان کی موت واقع ہوئی۔ تاہم، کھانے اور اموات کے درمیان تعلق کی حتمی تصدیق نہیں ہوئی۔

واقعے کی تحقیقات کرنے والے فوڈ سیفٹی حکام نے خاندان کے زیرِ استعمال کھانے پینے کی اشیا کے پیکٹوں کا معائنہ کیا۔ فوڈ سیفٹی افسر او پی سنگھ کے مطابق، جانچ کے دوران کسی پیکٹ پر ایکسپائری کی تاریخ سے متعلق مسئلہ یا کوئی مشکوک چیز سامنے نہیں آئی۔

او پی سنگھ نے کہا کہ ٹیم نے ان تمام اشیائے خورونوش کا جائزہ لیا جو خاندان نے استعمال کی تھیں، لیکن ابتدائی معائنے میں ایسی کوئی چیز نہیں ملی جس سے موت کی وجہ واضح ہوسکے۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ عام طور پر فوڈ پوائزننگ کی صورت میں قے اور اسہال جیسی علامات سامنے آتی ہیں۔

کھانے میں کسی مشکوک چیز کی عدم موجودگی کے بعد تحقیقات کرنے والے ایک فوڈ سیفٹی افسر نے زہر دیے جانے کے امکان کا اظہار کیا ہے، تاہم یہ فی الحال ایک شبہ ہے، ثابت شدہ نتیجہ نہیں۔ پانچوں افراد کی موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں۔

Load Next Story