پنجاب حکومت کا جاسوسی کیلیے استعمال ہونیوالے آلات پر پابندی کا فیصلہ

خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر ڈیوائسز پر مکمل پابندی ہو گی

پنجاب حکومت نے جاسوسی کے لیے استعمال ہونے والے آلات پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ، خفیہ کیمروں اور ریکارڈنگ آلات سے لیس عینکوں، پین، گھڑیوں اور دیگر ڈیوائسز پر مکمل پابندی ہو گی۔

محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جاسوسی کے آلات اور خفیہ الیکٹرانک ڈیوائسز کے استعمال اور خرید و فروخت پر سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، حکومتِ پنجاب نے شہریوں کی نجی زندگی اور ذاتی معلومات کے تحفظ کے لیے یہ اہم فیصلہ کیا۔ خاص طور پر خواتین اور بچوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لئے جاسوسی کے آلات پر پابندی کا فیصلہ کیا گیا۔

سیکرٹری محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق جاسوسی کے آلات کے ذریعے غیر قانونی نگرانی، ہراسانی اور بلیک میلنگ کی شکایات سامنے آئی ہیں ، حکومتِ پنجاب شہریوں کے بنیادی حقوق، نجی معلومات اور ذاتی زندگی کے تحفظ کے لیے متحرک ہے، خفیہ کیمروں سے لیس روزمرہ استعمال کی اشیاء کے غیر قانونی استعمال پر سخت سزا ہوگی۔

Load Next Story